نائجیریا کی جنوب مغربی ریاست اوندو میں زہریلے الکوحل اور جڑی بوٹیوں سے تیار کردہ مشروب پینے سے 48 افراد ہلاک اور 182 بیمار ہوگئے، جبکہ 5 افراد مکمل طور پر بینائی سے محروم ہوگئے۔
نائجیریا کی نیشنل ایجنسی فار فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن اینڈ کنٹرول (NAFDAC) کے مطابق متاثرہ افراد نے مقامی طور پر تیار کیا گیا الکوحل اور جڑی بوٹیوں کا مرکب استعمال کیا تھا، جسے مقامی میڈیا میں ’منکی ٹیل‘ کے نام سے بھی بیان کیا گیا ہے۔ اموات ریاست اوندو کے 3 اضلاع میں ہوئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے آن لائن محبوبہ کی طرف سے زہریلی شراب کا تحفہ، روس نے کیسے اپنے افسر کو مارنے کا یوکرینی منصوبہ ناکام بنایا؟
حکام کے مطابق اس مشروب کے استعمال سے متعلق پہلے کیسز رواں ماہ کے آغاز میں سامنے آئے تھے، تاہم متاثرین کی تعداد بتدریج بڑھتی گئی۔ لیبارٹری ٹیسٹ میں مشتبہ مشروب کے نمونوں میں مہلک کیمیکل میتھانول کی انتہائی زیادہ مقدار کے علاوہ انڈیکا قسم کی بھنگ کے اجزا بھی پائے گئے۔
نائجیریا کی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے بتایا کہ مشروب کی تیاری اور فروخت کے الزام میں 15 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق میتھانول انتہائی زہریلا کیمیکل ہے جو جسم کے اہم اعضا کو ناکارہ بنا کر موت کا سبب بن سکتا ہے اور اس کے استعمال سے مستقل نابینائی بھی ہوسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے زہریلے مشروم کھلا کر ساس، سسر سمیت 3 رشتہ داروں کا قتل، آسٹریلوی خاتون پر جرم ثابت
اتھارٹی کے مطابق متاثرین میں سے 5 افراد مکمل طور پر نابینا ہوچکے ہیں جبکہ 2 افراد کی بینائی جزوی طور پر متاثر ہوئی ہے۔ حکام نے واقعے کی مزید تحقیقات اور زہریلے مشروب کی تیاری و فروخت میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔














