پاکستان نے ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ کوالیفائرز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی اور ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
عمان میں ہونے والے کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان، امریکا، عمان، ایران، ازبکستان اور قطر کی ٹیموں نے حصہ لیا، جہاں پاکستانی گھڑ سواروں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کیا۔
پاکستان کی کامیابی میں رائڈر تصور عباس لک کی کارکردگی نمایاں رہی، جنہوں نے رنگ اینڈ پیگ، لیمن سلیشنگ اور ریلے سنگل لائن کے مقابلوں میں تین گولڈ میڈلز اپنے نام کیے۔
تصور عباس لک کو ان کی شاندار کارکردگی پر ’گولڈن لیجنڈ‘ کا خطاب دیا گیا، جبکہ انہیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ انہوں نے مجموعی مقابلوں میں بھی گولڈ میڈل حاصل کیا۔
پاکستان کے محمد صغیر زرگر نے تلوار کے انفرادی مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا، جبکہ مجموعی انفرادی مقابلوں میں سلور میڈل حاصل کیا۔
انٹرنیشنل ٹینٹ پیکنگ فیڈریشن کے نائب صدر صاحبزادہ سلطان محمد علی نے پاکستانی ٹیم کی کامیابی پر کھلاڑیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی گھڑ سواروں کی شاندار کارکردگی نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے۔
پاکستان کی مجموعی پہلی پوزیشن کے ساتھ ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کو ملکی کھیلوں کے لیے اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔














