آزاد کشمیر: درخت سے پتے کاٹنا مہنگا پڑگیا، بھڑوں کے خوفناک حملے میں شہری جان کی بازی ہار گیا

پیر 21 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد کشمیر کے ضلع جہلم ویلی کے علاقے گوجر بانڈی میں بڑی بھڑوں کے اچانک حملے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

ضلع جہلم ویلی کے علاقے گوجر بانڈی کے رہائشی محمد نذیر مغل ولد فیض رسول بکری کے لیے درخت سے پتے کاٹ رہے تھے کہ اس دوران ان کی کلہاڑی درخت پر موجود بڑی بھڑوں کے چھتے سے جا ٹکرائی۔ چھتے کو نقصان پہنچتے ہی سیکڑوں بھڑیں باہر نکل آئیں اور محمد نذیر مغل پر حملہ کردیا۔

بھڑوں کے حملے سے محمد نذیر مغل شدید زخمی ہوگئے، جنہیں اہل علاقہ نے فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا۔ تاہم طبی امداد فراہم کیے جانے کے باوجود وہ زہریلی بھڑوں کے ڈنک کے شدید اثرات سے جانبر نہ ہوسکے اور انتقال کرگئے۔

جاں بحق شہری کی نماز جنازہ پیر کے روز ان کے آبائی علاقے میں ادا کی گئی، جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، عزیز و اقارب اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اہل علاقہ نے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ پہاڑی اور دیہی علاقوں میں درختوں، چٹانوں اور زمین کے اطراف بڑی بھڑوں کے چھتے موجود ہوتے ہیں، جنہیں چھیڑنے یا کسی بھی طرح نقصان پہنچنے سے خطرناک صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

مقامی لوگوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ درختوں سے پتے، لکڑی یا گھاس کاٹتے وقت خصوصی احتیاط کی جائے۔ کسی بھی مقام پر بھڑوں کا چھتہ نظر آنے کی صورت میں اسے خود ختم کرنے یا چھیڑنے سے گریز کیا جائے، جبکہ بچوں کو بھی ایسے مقامات سے دور رکھا جائے۔

اہل علاقہ نے انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ بڑی بھڑوں کے چھتوں والے مقامات کی نشاندہی کرکے شہریوں کو آگاہ کرنے کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے افسوسناک واقعات سے بچا جاسکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp