بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ اگلے سال ہونے والا ون ڈے ورلڈ کپ بھارت کے لیے ان کا آخری ورلڈ کپ ہوگا اور وہ اپنے ملک کی جیت کے لیے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کے لیے تیار ہیں۔
ویرات کوہلی ایک روزہ کرکٹ میں 54 سینچریوں کے ساتھ سب سے زیادہ سینچریاں بنانے والے بیٹر ہیں۔ وہ اس سے قبل ٹی20 انٹرنیشنل اور ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں اور اب صرف ون ڈے فارمیٹ میں بھارت کی نمائندگی کرتے ہیں۔
37 سالہ ویرات کوہلی نے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں 14 ہزار 941 رنز بنائے ہیں اور وہ اس فہرست میں سچن ٹنڈولکر کے 18 ہزار 426 رنز کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔
کوہلی نے 2011 میں بھارت کی میزبانی میں ہونے والا ورلڈ کپ جیتا تھا، تاہم 2023 کے ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
’جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا مشترکہ میزبانی کریں گے‘
2027 کا ورلڈ کپ اکتوبر سے نومبر کے دوران جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں مشترکہ طور پر کھیلا جائےگا، جو ویرات کوہلی کا پانچواں ایک روزہ ورلڈ کپ ہوگا۔
ویرات کوہلی نے ہفتے کو نجی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’میرے لیے یہ بھارت کی جانب سے کھیلنے والا آخری ورلڈ کپ ہوگا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ یہی بات ان کے لیے سب سے بڑی تحریک ہے اور وہ ورلڈ کپ میں اپنی تمام تر صلاحیتیں صرف کرنا چاہتے ہیں۔
ویرات کوہلی نے کہا، ’یقینی طور پر مقصد ورلڈ کپ جیتنا ہے اور اس کے لیے جو کچھ بھی کرنا پڑا، میں اس کے لیے بالکل تیار ہوں۔‘
50 اوورز کا ورلڈ کپ کرکٹ کے مشکل ترین چیلنجز میں سے ایک
ویرات کوہلی نے کہاکہ 50 اوورز کے ورلڈ کپ کے تقاضے اسے کرکٹ کے مشکل ترین چیلنجز میں شامل کرتے ہیں، بالخصوص اس لیے کہ آئندہ ورلڈ کپ بھارت سے باہر کھیلا جائےگا۔
ان کا کہنا تھا، ’50 اوورز کے ورلڈ کپ کی شدت ہر چیز سے زیادہ ہے، کیونکہ اب یہ ٹی20 کی شدت کے ساتھ 10 میچز کھیلنے کے مترادف ہے۔‘
ویرات کوہلی نے کہاکہ ایک دن میں تقریباً ڈھائی ٹی20 میچز کے برابر کرکٹ کھیلنا پڑتی ہے اور بڑے ٹورنامنٹ اور ورلڈ کپ میں 10 میچز تک اسی شدت کو برقرار رکھنا ایک بڑا چیلنج ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب ورلڈ کپ غیر ملکی حالات میں بھی کھیلا جائے گا اور اس سے کھلاڑیوں کی بہت زیادہ توانائی صرف ہوتی ہے۔
روہت شرما بھی ورلڈ کپ کے لیے پُرعزم
سابق بھارتی کپتان روہت شرما، جو اب بھارت کے لیے صرف ایک روزہ کرکٹ کھیلتے ہیں، نے بھی ایک اور ورلڈ کپ مہم میں شرکت کے حوالے سے اپنی مکمل دلچسپی کا اظہار کیا۔
روہت شرما نے کہا، ’یہ خیال کبھی میرے ذہن میں نہیں آئے گا کہ میرا کام ختم ہو چکا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا، ’جب تک آپ کھیل رہے ہیں، ہمیشہ کسی نہ کسی چیز کا انتظار رہتا ہے اور میں ورلڈ کپ کا منتظر ہوں۔‘
ویرات کوہلی اور روہت شرما دونوں کو ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 ایک روزہ میچز کی سیریز کے لیے بھارتی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔














