وزیراعظم افتخار گیلانی سے ممبر کشمیر کونسل حنیف ملک کی ملاقات، دورہ کوٹلی پر مشاورت

اتوار 27 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی سے ممبر کشمیر کونسل محمد حنیف ملک نے ملاقات کی، جس میں وزیراعظم کے 4 اکتوبر کو دورۂ کوٹلی، دانش اسکول کی سائٹ کے معائنے اور دیگر پروگراموں کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ملاقات کے دوران محمد حنیف ملک نے وزیراعظم آزادکشمیر کو کوٹلی میں وزیراعظم پاکستان کی جانب سے دیے گئے شاندار تحفے دانش اسکول کے منصوبے سمیت دورۂ کوٹلی کے مختلف پروگراموں کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔

محمد حنیف ملک نے کہاکہ گزشتہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں بحیثیت وزیر تعلیم وزیراعظم افتخار گیلانی کی جانب سے محکمۂ تعلیم میں این ٹی ایس پالیسی متعارف کرانے سے محکمۂ تعلیم کو ’جاب انڈسٹری‘ کے تاثر سے نکال کر میرٹ پر مبنی اور عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ اساتذہ کی تقرریوں کا نظام قائم کیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ اس اقدام سے نہ صرف تعلیمی معیار میں بہتری آئی بلکہ قابل اور باصلاحیت نوجوانوں کو میرٹ پر شعبۂ تعلیم میں خدمات انجام دینے کے مواقع بھی فراہم ہوئے۔

محمد حنیف ملک نے اس موقع پر وزیراعظم کی توجہ نوجوانوں کو درپیش مسائل کی جانب بھی مبذول کرائی اور کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور کی نوجوان نسل کو مؤثر انداز میں قومی دھارے میں شامل کرنے اور ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کے لیے حقائق اور زمینی ضروریات پر مبنی مؤثر یوتھ پالیسی تشکیل دینا انتہائی اہم ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے نوجوانوں کی مؤثر نمائندگی اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کی ضرورت سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ یوتھ پالیسی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور نوجوان نسل کو آگے لانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر نے محمد حنیف ملک کو نوجوانوں سے متعلق حکومتی اقدامات میں معاونت کی ہدایت کی، جس پر محمد حنیف ملک نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp