اسلام آباد اور راولپنڈی میں انٹرنیٹ سروس بحال، کیا خرابی ہوئی تھی؟ شزا فاطمہ نے بتا دیا

اتوار 27 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت گردونواح میں قریباً 3 گھنٹے کی بندش کے بعد انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال ہوگئی۔

اتوار کی صبح تقریباً 9 بجے جڑواں شہروں میں اچانک انٹرنیٹ سروس بند ہوگئی تھی، جس کے باعث موبائل فون اور فائبر انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی۔

انٹرنیٹ کی بندش کے باعث اتوار کو کام کرنے والے بعض دفاتر میں سرگرمیاں متاثر ہوئیں، جبکہ فوڈ سروسز، ٹیکسی اور بائیکیا چلانے والے افراد کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ متعدد اہم ایپس کی سروس متاثر ہونے سے صارفین بھی پریشانی کا شکار رہے۔

دورانِ بندش انٹرنیٹ سروس سے متعلق مختلف افواہیں بھی گردش کرتی رہیں اور شہری فون پر ایک دوسرے سے صورتحال معلوم کرتے رہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے مختلف تبصرے سامنے آتے رہے۔

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے انٹرنیٹ سروس میں تعطل کی وضاحت کرتے ہوئے ایکس پر بتایا تھا کہ ٹیکسلا اور گوجر خان کے علاقوں میں فائبر کیبل دو مقامات سے کٹ گئی تھی، جس کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی میں سروسز متاثر ہوئیں۔

وفاقی وزیر کے مطابق ایک مقام پر خرابی دور کرکے زیادہ تر سروس بحال کردی گئی تھی جبکہ دوسرے مقام پر مرمت کا کام جاری تھا، تاہم اب دونوں مقامات پر خرابی دور ہونے کے بعد انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے باعث، جو اب ملتوی ہوچکا ہے، انٹرنیٹ سروس بند کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا۔

اسی تناظر میں سوشل میڈیا پر یہ تبصرے بھی سامنے آئے کہ اتوار کو سروس بند کرنے کی ہدایت دینے والے متعلقہ شعبے کو شاید لانگ مارچ ملتوی ہونے کا علم نہیں تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp