مری روڈ پر شہری کو گاڑی کے بونٹ پر بٹھانے کا معاملہ، ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج

پیر 28 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

راولپنڈی کی مشہور مری روڈ پر شہری کو گاڑی کے بونٹ پر بٹھا کر گاڑی چلانے کے معاملے پر سٹی ٹریفک افسر (سی ٹی او) فرحان اسلم کے نوٹس کے بعد کار سوار کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

مقدمہ ٹریفک وارڈن واحد اخلاق کی مدعیت میں تھانہ نیو ٹاؤن میں درج کیا گیا ہے، جس میں کار سوار کے خلاف دفعات 279 اور 427 کے تحت کارروائی کی گئی ہے، جبکہ واقعے کی تفتیش جاری ہے۔

مدعی مقدمہ ٹریفک وارڈن کے مطابق معاملے کا علم سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو سے ہوا۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ واقعہ جمعے کی شب پیش آیا تھا۔

ٹریفک وارڈن کے مطابق یہ بھی معلوم ہوا کہ سیاہ رنگ کی گاڑی نے ایک اور کار کو نقصان پہنچایا تھا۔ گاڑی کا ڈرائیور فرار ہونے کے دوران ایک شہری کو گاڑی کے بونٹ پر بٹھائے ہوئے تھا جبکہ اس دوران ایک موٹر سائیکل کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔

سٹی ٹریفک افسر فرحان اسلم نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو کارروائی کی ہدایت کی تھی۔

واقعے کی ویڈیو 28 ستمبر کو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں سیاہ رنگ کی ایک گاڑی کو مری روڈ پر چلتے ہوئے دیکھا گیا، جبکہ ایک شہری گاڑی کے بونٹ اور اگلی اسکرین کے قریب موجود تھا اور ایک موٹر سائیکل گاڑی کے اگلے حصے میں پھنسی ہوئی سڑک پر گھسٹتی دکھائی دی۔ ویڈیو میں موٹر سائیکل کے سڑک سے ٹکرانے کے باعث چنگاریاں بھی نظر آئیں۔

واقعے کے بعد سی ٹی او راولپنڈی فرحان اسلم نے مری روڈ کے سرکل انچارج کو ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی تھی، جبکہ ٹریفک پولیس نے گاڑی اور اس کے ڈرائیور کی شناخت کے لیے تکنیکی ذرائع استعمال کرنے کا بھی بتایا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp