شزا فاطمہ خواجہ کا ہواوے گلوبل سروس سینٹر کا دورہ، پاکستانی آئی ٹی ماہرین کی عالمی خدمات کا جائزہ

پیر 28 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے اسلام آباد میں ہواوے کے گلوبل سروس سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں سینٹر کے امور پر بریفنگ دی گئی۔

وفاقی وزیر نے سینٹر کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور عالمی آئی سی ٹی آپریشنز میں معاونت فراہم کرنے والے نوجوان پاکستانی انجینیئرز اور ٹیکنالوجی کے ماہرین سے بات چیت کی۔

ہواوے پاکستان کے سی ای او ایتھن سن (Ethan Sun)، ہواوے پاکستان میں اے آئی اینڈ کلاؤڈ کے سی ای او احمد بلال مسعود اور جی ایس سی کی اعلیٰ انتظامیہ نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شزا فاطمہ خواجہ نے کہاکہ ہواوے جی ایس سی، ٹیکنالوجی اور آئی ٹی پر مبنی خدمات کے عالمی مرکز کے طور پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کا مظہر ہے۔

انہوں نے اس ماڈل کو ’کنٹینرز کے بغیر برآمدات‘(Exports without shipping containers) قرار دیتے ہوئے کہاکہ پاکستانی ماہرین ملک کے اندر سے ہی بین الاقوامی منڈیوں کو اعلیٰ معیار کی ڈیجیٹل خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے پاکستان کی نوجوان آبادی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی تقریباً 68 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے، اس صلاحیت کو ہنر مند افرادی قوت اور عالمی معاشی مواقع میں بدلنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے وزیراعظم کے دورۂ چین کے دوران طے پانے والی ہواوے-پاکستان تربیتی شراکت داری کا ذکر کرتے ہوئے 3 لاکھ نوجوان پاکستانیوں کو آئی سی ٹی سکلز میں تربیت دینے کے ہواوے کے عزم کو سراہا۔

شزا فاطمہ خواجہ نے حکومت، صنعت اور تعلیمی شعبے کے درمیان مضبوط تعاون پر زور دیا تاکہ ٹیکنالوجی ٹیلنٹ کی ایک پائیدار پائپ لائن قائم کی جا سکے اور نوجوانوں کو بین الاقوامی مواقع سے جوڑا جا سکے۔

انہوں نے ہواوے آئی سی ٹی اکیڈمیز کے ذریعے فنی صلاحیتوں میں اضافے کے اقدام کی بھی تعریف کی اور کمپنی کو پاکستان میں سرمایہ کاری، نالج ٹرانسفر اور مینٹورشپ کو مزید بڑھانے کے ساتھ ساتھ آر اینڈ ڈی (R&D) سینٹر قائم کرنے کے امکانات پر غور کرنے کی ترغیب دی۔

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن نے سینٹر میں موجود خاتون انجینئرز سے بھی گفتگو کی اور پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں ان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے ٹیکنالوجی کے شعبے میں خواتین کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

اس موقع پر ہواوے پاکستان کے سی ای او ایتھن سن نے کہا کہ ہواوے کو مقامی فنی مہارت کو مضبوط بنانے اور پاکستانی ماہرین کو عالمی ڈیجیٹل معیشت کا حصہ بننے کے مواقع فراہم کرکے پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے پر فخر ہے۔

اسلام آباد میں واقع ہواوے گلوبل سروس سینٹر عالمی ٹیکنالوجی آپریشنز کے ایک مرکز کے طور پر کام کرتا ہے، جو بین الاقوامی صارفین کو ریموٹ تکنیکی معاونت، نیٹ ورک آپریشنز، سروس ایشورنس اور دیگر جدید آئی سی ٹی خدمات فراہم کرتا ہے۔

یہ سینٹر پاکستانی انجینئرز اور ٹیکنیکل ماہرین کو پاکستان میں رہتے ہوئے ہی عالمی ٹیکنالوجی آپریشنز میں اپنا حصہ ڈالنے کا بہترین موقع فراہم کر رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp