احسن بھون کے خلاف مہم سستے سیاسی حربے کے سوا کچھ نہیں، اعظم نذیر تارڑ کا کیپٹن صفدر کو معاملے سے دور رہنے کا مشورہ

پیر 28 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر اور سپریم کورٹ بار کے انڈیپنڈنٹ گروپ کے صدارتی امیدوار امجد شاہ کے درمیان تنازع ذاتی نوعیت کا ہے، جس کا تعلق مانسہرہ میں پلاٹ کے معاملے سے ہے، اسے سیاست کا حصہ نہیں بنانا چاہیے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ مسلم لیگ ن لائرز فورم پہلے ہی امجد شاہ کی حمایت کا اعلان کرچکا ہے۔ کیپٹن (ر) صفدر قابل احترام ہیں لیکن وہ وکیل یا بار کے رکن نہیں، اس لیے انہیں بار کے انتخابات اور معاملات سے دور رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ جس طرح کوئی شخص ڈاکٹر نہ ہو تو اسے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے انتخابات یا معاملات پر غیر ضروری تنقید نہیں کرنی چاہیے، اسی طرح بار کے معاملات میں بھی متعلقہ افراد کو ہی بات کرنی چاہیے۔

وزیر قانون نے کہاکہ احسن بھون ایک محترم شخصیت ہیں اور وکلا برادری میں انہیں قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ گزشتہ 10 برس کے دوران ان کے گروپ نے صرف ایک یا دو مرتبہ انتخابات میں شکست کھائی ہے، جس سے وکلا برادری میں ان پر اعتماد کا اندازہ ہوتا ہے۔

اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دنوں میں احسن بھون کے بارے میں ہونے والی گفتگو ایک سستے سیاسی حربے کے سوا کچھ نہیں، بار کا انتخابی نظام اور طریقہ کار پہلے ہی بہتر ہے۔

انہوں نے احسن بھون کی ڈگری سے متعلق سوال پر کہاکہ 2020 کے انتخابات میں احسن بھون نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ بار کونسل کے ریگولیٹرز کی ڈگریوں اور کوائف کی تصدیق ہونی چاہیے۔ چونکہ وہ خود بھی اس وقت امیدوار تھے، اس لیے ان کی، احسن بھون اور امجد شاہ کی ڈگریوں کی بھی تصدیق ہوئی تھی۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ان کے ذاتی علم میں احسن بھون کی ڈگری کے حوالے سے کوئی ایسی بات نہیں جو قابل اعتراض ہو۔

انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ کیپٹن (ر) صفدر کا بار کے انتخابات سے کوئی تعلق نہیں۔

احسن بھون کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق میاں داؤد ایڈووکیٹ کے بیان کی حمایت کے سوال پر وزیر قانون نے کہا کہ میڈیا پر گفتگو کرتے ہوئے ہر شخص کو اپنی زبان پر بہت زیادہ کنٹرول رکھنا چاہیے اور نپی تلی اور سچی بات کرنی چاہیے، وہ اس معاملے پر اس سے زیادہ کچھ نہیں کہیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp