اسٹاک ایکسچینج میں خریداری کا رجحان، انڈیکس معمولی اضافے سے مثبت

منگل 29 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منگل کو کاروباری سرگرمیوں کے دوران خریداری کا رجحان دیکھا گیا جہاں انڈیکس دوپہر تک 21.88 پوائنٹس کے اضافے سے 170,447.51 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

دوپہر 12 بجے تک مارکیٹ میں تقریباً 5 کروڑ 79 لاکھ حصص کا کاروبار ہوچکا تھا، جبکہ بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 21.88 پوائنٹس یا 0.01 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر مندی، انڈیکس میں 500 سے زائد پوائنٹس کمی

کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا اور صبح 9 بج کر 35 منٹ پر کے ایس ای 100 انڈیکس 324.35 پوائنٹس یا 0.19 فیصد اضافے کے ساتھ 170,749.97 پوائنٹس کی سطح پر موجود تھا۔

مارکیٹ میں آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکوں، فرٹیلائزر، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیوں اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سمیت اہم شعبوں میں خریداری دیکھی گئی۔

https://Twitter.com/search?q=investify&src=typed_query

حبیب بینک، مسلم کمرشل بینک، میزان بینک، نیشنل بینک، اٹک ریفائنری، نیشنل ریفائنری، ماری پیٹرولیم، پاکستان آئل اینڈ گیس، سوئی سدرن گیس کمپنی اور سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز جیسے انڈیکس پر اثرانداز ہونے والے اہم شیئرز مثبت زون میں کاروبار کرتے رہے۔

مارکیٹ میں یہ پیشرفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب حکومت نے پیر کو آئی ایم ایف کے جائزہ مشن کو ملکی معیشت سے متعلق بریفنگ دی، حکومت کے مطابق خلیجی جنگ اور آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے باعث پہلی سہ ماہی میں محصولات کو نقصان پہنچا اور معاشی سرگرمیوں کی رفتار بھی متاثر ہوئی۔

مزید پڑھیں: لائیو اسٹاک اور زراعت پر توجہ دے کر ایک سال میں معیشت بہتر کی جا سکتی ہے، وزیراعظم شہباز شریف

حکومت نے آئی ایم ایف مشن کو یہ بھی بتایا کہ تقریباً 10 ہزار وفاقی سرکاری ملازمین کو 30 اکتوبر 2026 تک اپنے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثے ڈیجیٹل طریقے سے ظاہر کرنا ہوں گے, یہ اقدام لازمی اثاثہ ڈکلیئریشن نظام کے تحت کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب گزشتہ روز یعنی پیر کو اسٹاک ایکسچینج میں محدود دائرے میں کاروبار ہوا تھا اور مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال کے باعث سرمایہ کاروں کے جذبات محتاط رہے۔

پیر کو بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 339.60 پوائنٹس، یعنی 0.20 فیصد کمی کے بعد 170,425.62 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

عالمی سطح پر بھی منگل کو ایشیائی حصص پر دباؤ دیکھا گیا۔ تیل کی قیمتوں اور بانڈ ییلڈز میں اضافہ ہوا، جبکہ سرمایہ کار آسٹریلیا میں شرح سود میں ممکنہ اضافے اور بلند قلیل مدتی قرضہ جاتی لاگت کے ماحول کو مدنظر رکھ کر محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں: امریکا، ایران کشیدگی کے اثرات، پاکستان اسٹاک ایکسچینج شدید مندی سے دوچار

امریکی 10 سالہ ٹریژری بانڈ کی ییلڈ راتوں رات 5.27 فیصد سے تجاوز کرگئی، جو تقریباً 19 سال کی بلند ترین سطح ہے۔

ستمبر کے دوران اس ییلڈ میں تقریباً 50 بیسس پوائنٹس کا اضافہ ہوچکا ہے۔ بانڈ کی قیمتیں گرنے کی صورت میں ییلڈ میں اضافہ ہوتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp