امریکی ریاست کیلیفورنیا نے عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کو باقاعدہ ریاستی تعطیلات کی فہرست میں شامل کرلیا ہے جس کے بعد وہ امریکا کی دوسری ریاست بن گئی ہے جہاں دونوں بڑی اسلامی عیدوں کو ریاستی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزوم نے پیر کے روز اس قانون پر دستخط کیے۔ اس سے قبل ریاست واشنگٹن نے 2025 میں عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کو ریاستی تعطیلات کے طور پر تسلیم کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ درِ فشاں کے انگریزی لہجے پر شدید تنقید، صنم سعید ٹرولرز کے خلاف بول پڑیں
قانون میں واضح کیا گیا ہے کہ ریاستی تعطیلات کی فہرست میں شامل کیے جانے سے خودکار طور پر سرکاری دفاتر، عدالتوں، اسکولوں یا نجی کاروباروں کی بندش لازم نہیں ہوتی۔
تاہم کیلیفورنیا کے سرکاری ملازمین دونوں عیدوں کی مناسبت سے پہلے سے دستیاب پےڈ ٹائم آف استعمال کرسکیں گے۔ اسی طرح سرکاری اسکولوں کے طلبہ عید منانے کے لیے غیر حاضر ہونے کی صورت میں ریاستی قانون کا حوالہ دے سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’میرے پاس گھر تھا نہ پیسے، ثمینہ احمد نے سہارا دیا‘، ثانیہ سعید کا جذباتی انکشاف
رپورٹ کے مطابق مقامی اسکول ڈسٹرکٹس اپنی کمیونٹی کی ضرورت اور مطالبے کو دیکھتے ہوئے عید کے موقع پر پورے ڈسٹرکٹ کے لیے چھٹی کا اعلان بھی کرسکتے ہیں تاہم ریاست بھر کے تمام سرکاری اسکولوں کے لیے ایک ہی دن چھٹی لازمی نہیں کی گئی۔
کیلیفورنیا میں 10 لاکھ سے زائد مسلمان آباد ہیں۔ عیدین کو ریاستی تعطیلات کی فہرست میں شامل کرنے کو مسلم کمیونٹی کے لیے ایک اہم علامتی اور انتظامی تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس سے سرکاری کیلنڈر میں اسلامی تہواروں کو بھی باضابطہ جگہ مل گئی ہے۔
عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ اب کیلیفورنیا کی ان ریاستی تعطیلات میں شامل ہوگئی ہیں جن میں دیگر مذہبی و ثقافتی مواقع، جیسے دیوالی اور قمری نیا سال، بھی شامل ہیں۔














