صرف پاکستانی ہونے کی وجہ سے فلمیں نہیں چل سکتیں، ناظرین کو تفریح چاہیے، زارا نور عباس

منگل 29 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف پاکستانی اداکارہ زارا نور عباس نے کہا ہے کہ لوگوں کو پاکستانی تفریحی صنعت کی حمایت کرنی چاہیے، لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ ملک میں بننے والی فلمیں دیکھنے کے قابل بھی ہوں۔

اداکارہ نے اپنی نئی فلم ’شیروز‘ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صرف اس بنیاد پر پاکستانی فلمیں دیکھنے کے لیے سنیما جانے کی توقع کرنا کہ وہ پاکستان میں بنی ہیں، ایک کافی پرانا تصور ہے، کیونکہ لوگوں کو تفریح چاہیے۔

زارا نور عباس نے کہا کہ لوگ جب باہر کھانے سمیت دیگر سرگرمیوں سے فارغ ہوتے ہیں اور تفریح چاہتے ہیں تو سنیما کا رخ کرتے ہیں، اس لیے فلم سازوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ خود کو ثابت کریں اور ایسی فلمیں بنائیں جو ناظرین کی تفریح کی ضرورت پوری کرسکیں۔

’فلم سازوں کو ناظرین کا اعتماد حاصل کرنا ہوگا‘

اداکارہ نے کہا کہ ایسی فلمیں بھی ہیں جو اپنے ناظرین کو متوجہ کرنے میں کامیاب رہی ہیں، جیسے ’اسپائیڈر مین‘۔ انہوں نے کہا کہ اس فلم کی نئی قسط ریلیز ہونے پر مداح اسپائیڈر مین کے کردار سے مشابہ لباس پہن کر سنیما گھروں کا رخ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اس کی وجہ یہ ہے کہ ’اسپائیڈر مین‘ نے اپنی الگ شناخت بنائی ہے اور مارول کے ساتھ اس کی ایک بڑی فرنچائز ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کو بھی اپنے ناظرین کے لیے ایسی فرنچائزز بنانے کی ضرورت ہے۔

زارا نور عباس کا کہنا تھا کہ پاکستانی فلم سازوں کو ناظرین میں یہ اعتماد بھی پیدا کرنا ہوگا کہ وہ فلم دیکھنے کے لیے جو 1500 سے 2000 روپے فی نشست ادا کر رہے ہیں، اس کے بدلے انہیں معیاری تفریح ملے گی۔

انہوں نے کہا، ’دیکھیے، اسپائیڈر مین کی ہر فلم شاندار نہیں رہی، سب میں خامیاں ہیں، لیکن لوگوں کو معلوم ہوتا ہے کہ فلم میں ٹام ہالینڈ اور زندایا ہوں گے اور انہیں فلم سے وہ لطف ملے گا جس کی وہ توقع کر رہے ہیں۔‘

’ہم صرف آپ سے فلم آزمانے کی درخواست کرسکتے ہیں‘

اپنی فلم ’شیروز‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہاکہ ان کی ٹیم ناظرین سے صرف اتنا کہہ سکتی ہے کہ وہ فلم کو ایک موقع دیں۔

زارا نور عباس نے کہا، ’ہم صرف آپ سے اسے آزمانے کی درخواست کرسکتے ہیں۔ میں صرف یہی کہوں گی کہ آئیں، اسے دیکھیں اور فلم سے لطف اٹھائیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ ان کی ٹیم فلم میں کچھ نیا آزمانے کی کوشش کررہی ہے اور اسے نئے ہدایت کاروں نے بنایا ہے، جن میں سے ایک ہدایت کار سنیما کے لیے اپنی پہلی فلم بنا رہے ہیں۔

’شیروز‘ میں تین خواتین کی کہانیاں

’شیروز‘ ایک ایسی فلم ہے جس میں تین الگ الگ خواتین کی کہانیاں شامل ہیں اور ہر خاتون بالکل مختلف حالات سے گزر رہی ہے۔

زارا نور عباس فلم کے ایکشن سے بھرپور حصے ’گیئر اپ‘ میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں، جس میں وہ بم ناکارہ بنانے میں مہارت رکھنے والی پولیس افسر کا کردار نبھا رہی ہیں۔

فلم کے دیگر دو حصے ’آرٹسٹ‘ اور ’پنچ‘ ہیں، جن میں بالترتیب اداکارہ کنزہ ہاشمی اور اُشنا شاہ مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp