خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ چین کی غیر معمولی معاشی ترقی پاکستان کے لیے باعثِ تقلید ہے۔ چین نے ثابت کیا ہے کہ قدرتی وسائل کی موجودگی ہی کسی قوم کی خوشحالی کی ضمانت نہیں بلکہ اصل کامیابی قدرتی وسائل، انسانی صلاحیتوں اور جغرافیائی اہمیت کو مؤثر منصوبہ بندی کے ذریعے پائیدار معاشی ترقی میں تبدیل کرنے میں ہے۔
وہ پشاور میں چائنہ ونڈو کے زیراہتمام عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ اور قومی دن کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں ایران کے قائم مقام قونصل جنرل محمد حسن معظمی، رکن صوبائی اسمبلی مہر سلطانہ، سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان، ایڈمنسٹریٹر چائنا ونڈو امجد عزیز ملک، کاروباری برادری کے نمائندگان، صحافیوں، مختلف اداروں کے عہدیداروں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
چین کی ترقی سے سیکھنے کی ضرورت
مزمل اسلم نے حکومت خیبر پختونخوا اور صوبے کے عوام کی جانب سے چین کی حکومت، قیادت اور عوام کو قومی دن کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ چین کا قومی دن پاکستانی عوام کے لیے بھی خوشی کا موقع ہے کیونکہ چین سات دہائیوں سے زیادہ عرصے سے پاکستان کا قابلِ اعتماد اور دیرینہ دوست ہے۔
صوبائی وزیر نے کہاکہ چین کی حیرت انگیز ترقی نے ثابت کیا ہے کہ محض قدرتی وسائل کا ہونا کسی ملک کی خوشحالی کے لیے کافی نہیں۔ اصل اہمیت اس امر کی ہے کہ کوئی ملک اپنے وسائل کو انسانی وسائل کی ترقی، پالیسیوں کے تسلسل، جدید ٹیکنالوجی، صنعت کاری اور طویل المدتی معاشی منصوبہ بندی کے ذریعے کس حد تک مؤثر انداز میں استعمال کرتا ہے۔
مزمل اسلم نے کہاکہ ہمیں چین کے تجربے سے یہ سیکھنے کی ضرورت ہے کہ قدرتی وسائل کو حقیقی معاشی طاقت میں کس طرح تبدیل کیا جاتا ہے۔ چین نے انفراسٹرکچر کی ترقی کو محض تعمیراتی سرگرمی تک محدود نہیں رکھا بلکہ اسے صنعت کاری، تجارت، روزگار کے مواقع اور علاقائی ترقی سے منسلک کیا۔
سی پیک اقتصادی روابط کا تاریخی سنگِ میل ہے
چین پاکستان اقتصادی راہداری کا ذکر کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے سی پیک کو پاک چین اقتصادی تعلقات میں ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا۔
انہوں نے کہاکہ سی پیک کو محض شاہراہوں، بجلی گھروں اور بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں تک محدود کرکے نہیں دیکھنا چاہیے۔ اس کا وسیع تر مقصد اقتصادی روابط کو مضبوط بنانا، صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ، تجارت کو فروغ دینا اور پاکستان کے مختلف علاقوں کو علاقائی اقتصادی نظام سے منسلک کرنا ہے۔
مزمل اسلم نے چینی سرمایہ کاروں کو خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ توانائی، معدنیات، سیاحت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور صنعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
صوبائی وزیر خزانہ نے پاکستان اور چین کے درمیان عوامی روابط کے فروغ کے لیے چائنہ ونڈو کی خدمات کو بھی سراہا۔
انہوں نے ایڈمنسٹریٹر چائنا ونڈو امجد عزیز ملک اور ان کی پوری ٹیم کو تعلیمی، ثقافتی اور عوامی سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان اور چین کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی کوششوں پر مبارک باد پیش کی۔
علاقائی تعاون سے مشترکہ خوشحالی کے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے قائم مقام قونصل جنرل محمد حسن معظمی نے چین کی حکومت اور عوام کو قومی دن کی مبارک باد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ چین علاقائی اور عالمی اقتصادی تعاون میں ایک اہم قوت کے طور پر ابھرا ہے اور خطے میں رابطوں، تجارت اور عوامی تعلقات کے فروغ سے ایشیا میں مشترکہ خوشحالی، استحکام اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ خطے کے ممالک انسانی اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں اور اقتصادی و ثقافتی روابط میں اضافے سے ان ممالک کے عوام کے لیے تعاون کے نئے راستے کھل سکتے ہیں۔
تعلیم، ہنرمندی اور نوجوانوں کی شرکت اہم ہے، مہر سلطانہ
رکن صوبائی اسمبلی مہر سلطانہ نے کہا کہ چین کی ترقی اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ تعلیم، ہنرمندی اور قومی ترقی میں نوجوانوں اور خواتین کی مؤثر شرکت کس قدر اہمیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ تعلیمی اور ثقافتی تبادلوں میں اضافے سے بہت فائدہ اٹھا سکتا ہے، خصوصاً طلبہ اور نوجوان پیشہ ور افراد کو جدید تکنیکی اور فنی مہارتیں حاصل کرنے کے زیادہ مواقع فراہم کیے جانے چاہییں۔
چینی سرمایہ کاروں اور مقامی کاروباری برادری کے روابط بڑھانے پر زور
ممتاز صنعت کار حاجی مختیارالدین نے کہاکہ خیبر پختونخوا کی کاروباری برادری چین کے ساتھ کاروباری سطح پر روابط میں مزید اضافے کی خواہاں ہے۔
انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں معدنیات، پن بجلی، سیاحت، زراعت، صنعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں اور چینی سرمایہ کاروں اور مقامی کاروباری برادری کے درمیان روابط میں اضافہ ان امکانات کو عملی معاشی سرگرمیوں میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
انہوں نے پشاور کی تاجر برادری کی جانب سے اہلِ چین کو ان کے قومی دن کی مبارک باد پیش کی۔
ایڈووکیٹ سپریم کورٹ اور پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما حبیب قریشی نے وکلا برادری کی جانب سے اہلِ چین کو عوامی جمہوریہ چین کی 77ویں سالگرہ پر مبارک باد دی اور یقین ظاہر کیا کہ پاک چین دوستی مزید عروج پائے گی۔
کرسچین کمیونٹی کے رہنما آگسٹن جیکب نے اظہار خیال کرتے ہوئے اقلیتی برادری کی جانب سے اہلِ چین کو ان کے قومی دن کے موقع پر مبارک باد دی۔
چائنا ونڈو کی ڈائریکٹر ناز پروین کا کہنا تھا کہ پاکستان، بالخصوص پشاور میں چین کے قومی دن کی مناسبت سے تقریب اس امر کی عکاس ہے کہ ہم بھی چین کے عوام کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔
پاک چین تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار
مقررین نے عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ پر چینی قیادت اور عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات کو اقتصادی، تعلیمی، ثقافتی اور عوامی سطح پر مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

تقریب پاک چین دوستی کی دیرینہ گرمجوشی کی عکاس رہی اور اس موقع پر دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی، اقتصادی تعاون اور ثقافتی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر عوامی جمہوریہ چین کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔














