شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام شعبہ جات میں مزید پیشرفت ہوگی، بھارتی نیشنل کوآرڈینیٹر

بدھ 30 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی نیشنل کوآرڈینیٹر برائے شنگھائی تعاون تنظیم آلوک ڈِمری نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام شعبہ جات میں مزید پیش رفت ہوگی اور ہم آگے بڑھیں گے۔

وزارتِ خارجہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے نیشنل کوآرڈینیٹرز کے اجلاس کے بعد سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے آلوک ڈِمری نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی صدارت بشکیک سے ہوتے ہوئے ہمارے ہمسائے اور ایرانی ہمسائے، ہماری تہذیب اور ایرانی تہذیب کے ہمسائے میں آئی ہے اور یہ ایک اہم موقع ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے بشکیک اجلاس میں تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی کال دی تھی، جس پر تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان نے بھی اتفاق کیا تھا کہ رکن ممالک کے درمیان تہذیبی مکالمے کا ایک فورم ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ 20 نومبر کو دہلی میں اس فورم کے انعقاد کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ یوریشیائی اور ایشیائی ممالک شنگھائی تعاون تنظیم میں اکٹھے ہیں اور ہم نے اپنی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے ایک ایجنڈا تشکیل دیا ہے، جس میں علاقائی رابطہ کاری، ٹرانزٹ اور تجارت جیسے اہم معاملات شامل ہیں جن پر بات چیت ہوئی ہے اور اس حوالے سے مزید پیشرفت بھی ہورہی ہے۔

’اسلام آباد آیا ہوں، لاہور دیکھنے کی خواہش ہے‘

آلوک ڈِمری نے کہا کہ پاکستان آنا ان کے لیے پہلا موقع ہے، شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم کے ذریعے اس طرح کے پروگرامز ہوتے رہیں گے اور ان کا اختتام پاکستان میں سربراہی کانفرنس کے انعقاد پر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے جتنے بھی شعبہ جات ہیں، ان میں مزید بڑھوتری ہوگی اور ہم آگے بڑھیں گے۔

بھارتی نیشنل کوآرڈینیٹر کا کہنا تھا کہ یہ ایک خاص موقع ہے کہ ایک طرف شمالی ایشیا اور دوسری جانب مغربی ایشیا ہے، جبکہ شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم سے ہماری سوچ اور ہماری زبان دنیا تک پہنچے گی۔

انہوں نے کہا کہ اب تک اس تنظیم میں روسی اور چینی زبانوں میں بات چیت ہوتی تھی، لیکن اب پاکستان کی صدارت میں انگریزی زبان میں بات چیت ہوگی، جو ایک اہم موقع ہے، اور وہ خوش ہیں کہ انہیں پاکستان آنے کا موقع ملا۔

آلوک ڈِمری نے کہا کہ وہ ابھی اسلام آباد ہی آئے ہیں، تاہم لاہور، سیالکوٹ اور فیصل آباد دیکھنے کی خواہش ہے۔ لاہور کو شنگھائی تعاون تنظیم کی جانب سے ثقافتی شہر بھی قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج انہیں پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس جانے کا موقع بھی ملا، جبکہ سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کے دوران دیگر مقامات پر جانے اور لوگوں سے ملنے کا موقع بھی ملے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp