کرسچن میرج بل 2026: شادی کے لیے کم از کم عمر 18 سال، 2 گواہوں کی موجودگی لازم قرار دینے کی تجویز

بدھ 30 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور نے کرسچن میرج بل 2026 کی متفقہ منظوری دے دی۔

قائمہ کمیٹی کا اجلاس راحیلہ خادم حسین کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں کرسچن میرج بل 2026 کی متفقہ منظوری دی گئی۔ بل کے محرک فیلبوس کرسٹوفر نے مجوزہ قانون سازی کمیٹی کے سامنے پیش کی۔

کرسچن میرج بل 2026 میں کرسچن میرج ایکٹ 1872 کو منسوخ کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ مسیحی برادری میں شادی کی کم از کم عمر 18 سال مقرر کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔

فیلبوس کرسٹوفر کے مطابق موجودہ قانون کے تحت مسیحی شادی کے لیے لڑکے کی کم از کم عمر 16 سال اور لڑکی کی 13 سال مقرر ہے۔ مجوزہ بل کے تحت شادی کے دونوں فریقین کا مسیحی مذہب سے تعلق رکھنا لازم قرار دینے کی تجویز ہے۔

بل میں شادی سے قبل تحریری نوٹس اور اعلانِ نکاح کا طریقہ کار وضع کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مسیحی شادیوں کی یونین کونسل اور نادرا میں رجسٹریشن لازمی قرار دینے کی تجویز شامل ہے۔

فیلبوس کرسٹوفر نے بتایا کہ موجودہ قانون کے تحت مسیحی شادی کی یونین کونسل اور نادرا میں رجسٹریشن ممکن نہیں۔

مجوزہ قانون سازی میں تمام رجسٹرڈ گرجا گھروں میں مسیحی طریقہ کار کے مطابق شادی کرانے کی اجازت دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ حکومت پنجاب سے رجسٹرڈ گرجا گھروں کے مذہبی تعلیم یافتہ پادریوں کو شادی کرانے کا اختیار دینے کی تجویز بھی بل کا حصہ ہے۔

بل کے تحت مقررہ پادریوں یا حکومت کے مقرر کردہ میرج رجسٹرارز کو شادی کرانے کا اختیار دینے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ شادی کی تقریب کے لیے وقت اور دن کی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔

مجوزہ قانون کے تحت مسیحی شادی کم از کم دو گواہوں کی موجودگی میں انجام دینے کی تجویز ہے۔ مسیحی شادیوں کا باقاعدہ ریکارڈ میرج رجسٹرز اور مقررہ فارم کے ذریعے محفوظ رکھنے کی تجویز بھی شامل کی گئی ہے۔

فیلبوس کرسٹوفر کے مطابق کرسچن میرج بل 2026 کا مقصد موجودہ قانونی فریم ورک کو یکجا اور جدید بنانا ہے، جبکہ آزادانہ رضامندی کے تحفظ کو مضبوط بنانا بھی مجوزہ قانون سازی کا مقصد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجوزہ قانون سازی کے ذریعے مسیحی ازدواجی قوانین میں قانونی وضاحت یقینی بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

قائمہ کمیٹی سے منظوری کے بعد کرسچن میرج بل 2026 کو پنجاب اسمبلی کے ایوان سے منظور کروایا جائےگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp