وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ڈائمنڈ گراؤنڈ میں پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے میچ کے دوران قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سیلفی لینے کی کوشش کرنے والے مداح کا موبائل فون لے کر دور پھینک دیا۔
پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے میچ کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو تماشائیوں کے ہجوم کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث انہیں مشکل سے پویلین تک پہنچایا گیا۔
بابر اعظم کا غصہ، سیلفی لینے میدان میں آنے والے فین کا موبائل پھینک دیا!
میچ کے دوران بابر اعظم فیلڈنگ کر رہے تھے کہ چند مداح سیلفی لینے کے لیے میدان میں داخل ہوگئے۔ اس موقع پر بابر اعظم مبینہ طور پر غصے میں آگئے اور ایک فین کا موبائل پھینک دیا۔ pic.twitter.com/j8sy88J0vH
— WE News (@WENewsPk) September 30, 2026
او جی ڈی سی ایل اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے درمیان میچ کے دوران بڑی تعداد میں تماشائی گراؤنڈ میں داخل ہوگئے اور بابر اعظم کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بنانے کی کوشش کرتے رہے۔
ہجوم کے دوران ایک مداح نے بابر اعظم کے قریب آکر سیلفی لینے کی کوشش کی، جس پر قومی کپتان نے اس کا موبائل فون لے کر دور پھینک دیا۔
بعد ازاں بابر اعظم ہجوم سے نکل کر پویلین پہنچنے میں کامیاب ہوئے، واقعے کے بعد اسلام آباد پولیس نے ڈائمنڈ گراؤنڈ میں سیکیورٹی مزید سخت کردی۔
بابر اعظم کی جانب سے مداح کا موبائل فون پھینکنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جارہے ہیں۔














