گڈاپ: نوکری کا جھانسا دے کر 50 سے زائد لڑکیوں کو فارم ہاؤس بلا لیا گیا، ایونٹ آرگنائزر موبائل فونز لے کر فرار

بدھ 30 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے علاقے گڈاپ ٹاؤن میں واقع ایک فارم ہاؤس پر جاب کے نام پر درجنوں لڑکیوں کو دھوکے سے بلا کر ان کے قیمتی موبائل فونز ہتھیا لیے گئے۔ ایونٹ آرگنائزر ‘ویڈیو بنانے پر پابندی’ کا بہانہ بنا کر متعدد لڑکیوں اور عملے کے موبائل فونز لے کر موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے فارم ہاؤس کے منیجر کو حراست میں لے لیا ہے۔

جاب آفر اور ویڈیو بنانے پر پابندی کا ڈراما

متاثرہ لڑکی خوشنما کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں سے بسوں کے ذریعے لڑکیوں کو گڈاپ کے فارم ہاؤس پہنچایا گیا تھا۔ متاثرہ لڑکی کا کہنا ہے کہ ہمیں نوکری کی پیشکش کی گئی تھی اور بتایا گیا تھا کہ کچھ سرگرمیاں ہوں گی جن کے لیے یونیفارم بھی دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی سے چھینے گئے موبائل کہاں جاتے ہیں، انہیں واپس لینے کے لیے کیا کرنا ضروری ہے؟

لڑکی نے مزید بتایا کہ فارم ہاؤس پہنچنے کے بعد انہیں کہا گیا کہ کمپنی کے مالک ان سے ملاقات کریں گے۔ اسی دوران یہ کہہ کر سب کے موبائل فونز جمع کر لیے گئے کہ اندر ویڈیو بنانے پر سخت پابندی ہے۔

آرگنائزر موٹر سائیکل پر فرار

متاثرہ لڑکی کے مطابق، تمام افراد کے موبائل فونز جمع کرنے کے بعد انہیں ایک جگہ بٹھا دیا گیا اور مرکزی آرگنائزر ‘سلمان’ باہر چلا گیا۔ وہ مسلسل فون پر کسی سے رابطے میں تھا۔ جب کافی دیر تک سلمان واپس نہ آیا تو باہر جا کر معلوم ہوا کہ وہ اپنے ایک ساتھی کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر فرار ہو چکا ہے۔

فارم ہاؤس منیجر کا بیان

دوسری جانب گڈاپ میں واقع فارم ہاؤس کے منیجر ارشد انصاری نے بھی اپنے ویڈیو بیان میں واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ فارم ہاؤس کی بکنگ دوپہر 12 سے شام 6 بجے تک کے لیے کرائی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ’کراچی میں موبائل چھیننے کے لیے نوجوان کو دل پر گولی مار دی‘

منیجر کے مطابق ہمیں بتایا گیا تھا کہ 50 سے 52 لڑکیاں اور دیگر عملہ آئے گا اور یہاں لڑکیوں کے انٹرویو لیے جائیں گے۔ بکنگ سلمان نے فون پر کروائی تھی جبکہ وقاص نامی شخص بکنگ کے لیے خود آیا تھا اور شام 5 بجے ادائیگی کا وعدہ کیا گیا تھا۔ منیجر نے بتایا کہ جب مقررہ وقت پر پیسے نہ ملے تو انہوں نے سلمان سے رابطہ کیا، جس پر اس نے جلد پہنچنے کی یقین دہانی کرائی، لیکن شام 6 بجے کے قریب معلوم ہوا کہ وہ تمام لڑکیوں کے موبائل فونز لے کر غائب ہو چکا ہے۔

پولیس کارروائی

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ پولیس حکام کے مطابق فارم ہاؤس کے منیجر ارشد انصاری کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی گئی ہے جبکہ فرار ہونے والے آرگنائزر سلمان اور اس کے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp