عبدالصمد کی دھواں دار اننگز، پاکستان ایشین گیمز کرکٹ کے فائنل میں پہنچ گیا

جمعرات 1 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عبدالصمد کی جارحانہ اور ناقابلِ شکست 30 رنز کی اننگز کی بدولت پاکستان نے بارش سے متاثرہ ایشین گیمز مینز کرکٹ کے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر گولڈ میڈل کے مقابلے میں جگہ بنا لی۔

کوروجی اسپورٹس پارک میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 13 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے۔

پاکستان نے 112 رنز کا ہدف 11.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: بارش نے ’پرفارم‘ کیا تو پاکستان براہ راست ایشین گیمز کرکٹ فائنل میں پہنچ جائے گا

پاکستان کی جانب سے عبدالصمد نے صرف 15 گیندوں پر 30 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

انہوں نے اننگز کے 10ویں اوور میں مستفیض الرحمان کے خلاف 22 رنز بنا کر میچ کا رخ پاکستان کے حق میں موڑ دیا۔

پاکستان کو آخری 4 اوورز میں 36 رنز درکار تھے، حسن نواز نے پہلی گیند پر ایک رن لینے کے بعد عبدالصمد کو اسٹرائیک دی، جنہوں نے مستفیض الرحمان کو چھکا لگانے کے بعد مسلسل 4 چوکے جڑ دیے۔

اس اوور میں مجموعی طور پر 23 رنز بنے اور پاکستان کا اسکور 76 سے بڑھ کر 99 رنز ہوگیا۔

حسن نواز نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 22 گیندوں پر 27 رنز بنائے اور عبدالصمد کے ساتھ  5ویں وکٹ پر ناقابلِ شکست 59 رنز کی شراکت قائم کی۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز تاہم مشکلات سے ہوا، کپتان صاحبزادہ فرحان صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے، جبکہ معاذ صداقت نے 7 گیندوں پر 15 رنز بنائے۔

مزید پڑھیں: ایشین گیمز کرکٹ : پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا کو براہِ راست کوارٹر فائنل میں رسائی مل گئی

صائم ایوب نے 12 گیندوں پر 21 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں ایک چوکا اور 2 چھکے شامل تھے۔

عثمان خان 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے تو پاکستان 7 اوورز میں 53 رنز پر 4 وکٹیں گنوا چکا تھا، تاہم عبدالصمد اور حسن نواز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔

اس سے قبل بنگلہ دیش نے بیٹنگ کرتے ہوئے 111 رنز بنائے۔ توحید ہردوئے نے 25 گیندوں پر 42 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 2 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے، جبکہ سیف حسن نے 19 رنز بنائے۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے تھائی لینڈ کو شکست دے کر ایشین گیمز کرکٹ سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

بنگلہ دیش کی ٹیم 45 رنز پر 4 وکٹیں گنوا چکی تھی، تاہم توحید ہردوئے نے مصدق حسین کے ساتھ 5ویں وکٹ کی شراکت میں 53 رنز جوڑتے ہوئے ٹیم کو تسلی بخش ٹوٹل تک پہنچایا۔ مصدق حسین نے 11 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے 26 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عرفات منہاس نے 23 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، صائم ایوب نے بھی عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 2 اوورز میں صرف 3 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان اب ہفتے کو گولڈ میڈل کے میچ میں بھارت اور سری لنکا کے درمیان دوسرے سیمی فائنل کے فاتح سے مقابلہ کرے گا، جبکہ بنگلہ دیش کانسی کے تمغے کے لیے میدان میں اترے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp