پاکستان نے حکومتی اجازت نہ ملنے پر بھارت میں ہونے والے 50 اوور کرکٹ ورلڈ کپ 2027 میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ ٹورنامنٹ 23 جنوری سے 7 فروری 2027 تک بھارتی شہر حیدرآباد دکن میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان نے 2025 میں سری لنکا میں ہونے والے ایونٹ میں کامیابی حاصل کی تھی اور وہ دفاعی چیمپیئن کی حیثیت سے ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:مسلسل 2 فتوحات کے باوجود شاہین آفریدی ٹاپ آرڈر سے ناخوش، ورلڈ کپ کی تیاریوں میں بہتری پر زور
پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین فواد اعجاز خان نے بتایا کہ بھارتی ویٹرنز کرکٹ حکام نے پاکستانی ٹیم کو ویزوں اور اعلیٰ سطح کی سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن نے وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ سے ٹورنامنٹ میں شرکت کی اجازت طلب کی تھی، تاہم چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بعد ازاں آگاہ کیا کہ ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
فواد اعجاز خان کے مطابق حکومتی فیصلے کے بعد ایسوسی ایشن نے ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ حکومت کے مؤقف کا احترام کرتی ہے۔









