آسٹریلوی خاتون رکنِ پارلیمنٹ گاڑی تلے کچلے جانے سے دونوں ٹانگوں سے محروم

بدھ 21 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آسٹریلیا کی آزاد رکنِ پارلیمنٹ ہیلن ہینز مبینہ دانستہ حملے میں گاڑی تلے کچلے جانے کے بعد دونوں ٹانگوں سے محروم ہوگئی ہیں۔

ان کے شوہر فل ہینز نے تصدیق کی ہے کہ اس افسوس ناک واقعے میں انہیں شدید چوٹیں آئیں، تاہم ان کی ذہنی کیفیت اور حوصلہ برقرار ہے۔

میلبورن میں زیرِ علاج ہیلن ہینز کے شوہر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی ہولناک واقعہ تھا، جس کے باعث ان کی اہلیہ کو سنگین جسمانی نقصان پہنچا۔

یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا: مسلمان سینیٹر کو ’پاکستان واپس جاؤ‘ کہنے پر پالین ہینسن کی اپیل مسترد

تاہم انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ہیلن زندہ ہیں۔

ان کے بقول صحت یابی کا سفر طویل اور مشکل ہوگا، لیکن وہ ایک مضبوط عزم رکھنے والی خاتون ہیں اور اہل خانہ کی محبت اور تعاون سے صحت یاب ہونے کی پوری کوشش کریں گی۔

واقعے کے الزام میں گرفتار 43 سالہ برینڈن نیوجن کو بدھ کے روز پہلی مرتبہ عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں اس پر خطرناک ڈرائیونگ کے ذریعے شدید چوٹ پہنچانے، جان بوجھ کر شدید زخمی کرنے اور دولتِ مشترکہ کے ایک سرکاری عہدیدار کو نقصان پہنچانے کے الزامات عائد کیے گئے۔

پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران مزید الزامات، بشمول اقدامِ قتل، بھی عائد کیے جا سکتے ہیں۔

پولیس کے مطابق واقعہ پیر کی سہ پہر وکٹوریہ ریاست کے علاقائی قصبے وانگاراٹا میں ہیلن ہینز کے انتخابی دفتر کے باہر پیش آیا، جہاں ملزم نے مبینہ طور پر اپنی ٹویوٹا لینڈ کروزر گاڑی ان کی طرف موڑ دی۔

یہ مقام میلبورن سے تقریباً 240 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔ عینی شاہدین نے گاڑی سے ملزم کو نکال کر پولیس کے حوالے کیا۔

مزید پڑھیں: سمانتھا موسٹین نے آسٹریلیا کی گورنر جنرل کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

موقع پر پہنچنے والے افراد جیکب اور جیکی ایونز نے زخمی رکنِ پارلیمنٹ کی مدد کی، جیکب نے اپنی گاڑی میں موجود طبی کٹ سے ٹورنیکیٹ استعمال کرکے ان کی ایک ٹانگ سے خون بہنے کی رفتار کم کرنے کی کوشش کی۔ ہیلن کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی سرجری ہوئی۔

وکٹوریہ پولیس کے کمشنر مائیک بش کے مطابق واقعے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے۔

پولیس آسٹریلین فیڈرل پولیس کے تعاون سے تحقیقات کر رہی ہے اور اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آیا منشیات، ادویات یا ملزم اور ہیلن کے درمیان کسی ذاتی تعلق کا واقعے سے کوئی واسطہ تھا۔

عدالت میں ملزم کے وکیل نے اس کے ذہنی صحت سے متعلق خدشات کا ذکر کیا، جبکہ عدالت کو بتایا گیا کہ وہ ریڑھ کی ہڈی کی سوزش کی ایک نایاب بیماری میں بھی مبتلا ہے۔

ملزم نے ضمانت کی درخواست نہیں دی اور اسے فروری میں دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

وزیراعظم انتھونی البانیز سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں نے ہیلن ہینز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے، اس واقعے کے بعد ارکانِ پارلیمنٹ کی سیکیورٹی اور خواتین سیاست دانوں کو درپیش دھمکیوں کے حوالے سے بھی بحث شروع ہوگئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

سہ فریقی ایک روزہ سیریز: سری لنکا کی انگلینڈ کے خلاف شاندار فتح، کونسے ریکارڈ ٹوٹے؟

مکہ معاہدے میں شرکت کے لیے کون کون سے ممالک لائن میں ہیں؟

محسن نقوی کا صدر مالدیپ اور وفد کے اعزاز میں عشائیہ، پاکستانی ثقافت اور صوفی قوالی نے تقریب کو چار چاند لگا دیے

پی آئی اے کا نیا یونیفارم متعارف، معروف فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین نے تیار کیا

خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے خلاف آخری لڑائی ہوگی، 2 سے 3 ماہ میں واضح فرق نظر آئے گا، ثمر ہارون بلور

ویڈیو

مکہ معاہدے میں شرکت کے لیے کون کون سے ممالک لائن میں ہیں؟

مکہ دفاعی معاہدے کا سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کو ہوگا، پشاور کے شہریوں کی رائے

پاکستان میں نئے صوبوں اور بااختیار بلدیاتی نظام پر قومی بحث کی ضرورت ہے، نئے صوبوں کے قیام پر قومی مباحثہ میں شرکاء کا اظہار خیال

کالم / تجزیہ

باغ جل رہا ہے

سعودی عرب اور بنگلہ دیش: خبر، حقیقت اور فتنہ

حوثیوں کا اصل ہدف کیا ہے؟