اسلام آباد میں 19ویں چیف آف دی نیول اسٹاف امیچور گالف کپ 2026 کی میڈیا بریفنگ اور افتتاحی تقریب مارگلہ گرینز گالف کلب میں منعقد ہوئی، جس کے ساتھ ہی قومی گالف کیلنڈر کے ایک اہم اور ممتاز ایونٹ کا باضابطہ آغاز ہوگیا۔
پاک بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 21 اکتوبر کو منعقدہ میڈیا بریفنگ کے دوران پیٹرن پاکستان نیوی گالف (نارتھ) ریئر ایڈمرل احمد حسین نے ایونٹ کی نمایاں خصوصیات پر روشنی ڈالی اور مختلف کیٹیگریز میں مقابلوں کے طریقہ کار اور شرکا کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
یہ ایونٹ 22 سے 25 اکتوبر 2026 تک جاری رہے گا، جس میں مردوں کے امیچور مقابلے 54 ہولز، خواتین کے امیچور مقابلے 36 ہولز، سینئرز کے مقابلے 36 ہولز اور جونیئرز کیٹیگری کے مقابلے 18 ہولز پر مشتمل ہوں گے۔
اس کے علاوہ مہمانوں اور اسپانسرز کے لیے ایک خصوصی دعوتی مقابلے کا بھی انعقاد کیا جائےگا۔
چیف آف دی نیول اسٹاف امیچور گالف کپ 2007 سے قومی گالف سرکٹ میں ایک نمایاں ایونٹ کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ یہ ایونٹ صحت مند مسابقت کے فروغ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے، جس سے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے اور معاشرے میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے کے مواقع میسر آتے ہیں۔
پاک بحریہ کے مطابق اس ایونٹ کا باقاعدگی سے انعقاد قومی اور بین الاقوامی سطح پر گالف کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہے۔
افتتاحی تقریب میں اسپانسرز، گالف کھلاڑیوں اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔










