اکتوبر 2026 کا مکمل چاند، جسے ‘ہنٹرز مون’ کہا جاتا ہے، رواں ہفتے کے اختتام پر آسمان پر جلوہ گر ہوگا۔ یہ نام روایتی طور پر فصل کی کٹائی کے چاند کے بعد آنے والے مکمل چاند کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں سپر مون کا خوبصورت نظارہ
ہنٹرز مون کو یہ نام خزاں کے موسم میں شکار کی قدیم روایات کی وجہ سے دیا گیا۔ ماضی میں مکمل چاند کی روشنی میں لوگوں کو لومڑیوں اور ہرنوں جیسے جانوروں کو دیکھنے اور سردیوں کی آمد سے پہلے خوراک جمع کرنے میں مدد ملتی تھی۔
ہنٹرز مون کب دیکھا جاسکے گا؟
رپورٹ کے مطابق ہنٹرز مون اتوار 25 اکتوبر کو مشرقی امریکی وقت کے مطابق رات 12 بج کر 12 منٹ پر طلوع ہوگا، تاہم اسے اپنے مقامی وقت کے مطابق دیکھنے کا وقت مختلف ہوسکتا ہے۔
برطانیہ میں چاند کی روشنی اپنے عروج پر پیر 26 اکتوبر کی صبح 4 بج کر 12 منٹ پر ہوگی، جبکہ امریکا میں چاند کی روشنی کا عروج مشرقی امریکی وقت کے مطابق پیر 26 اکتوبر رات 12 بج کر 11 منٹ پر متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:چاند کیسے بنا؟ سائنسدانوں نے نئی تحقیق میں اہم سراغ ڈھونڈ لیے
چاند اپنے عروج سے پہلے اور بعد کی راتوں میں بھی تقریباً مکمل دکھائی دیتا ہے، اس لیے ہفتے کے اختتام پر اسے دیکھنے کے اچھے مواقع میسر ہوں گے۔
ہنٹرز مون دیکھنے کا بہترین طریقہ
ہنٹرز مون دیکھنے کے لیے دوربین یا کسی خاص آلے کی ضرورت نہیں۔ غروبِ آفتاب کے وقت کھلے مقام پر جانا بہتر ہے، کیونکہ اس دوران چاند طلوع اور سورج غروب ہورہا ہوتا ہے، جس سے آسمان پر شام کے رنگوں اور چاند کا خوب صورت منظر دکھائی دے سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 27 سال بعد یورپ میں مکمل سورج گرہن، آج اسپین اور آئس لینڈ میں شاندار نظارہ ہوگا
چاند دیکھنے کے لیے ایسی جگہ کا انتخاب کریں جہاں مشرق یا جنوب مشرق کی جانب آسمان صاف اور کھلا ہو۔ بلند مقامات، کھلے میدان اور ساحلی علاقے اس مقصد کے لیے موزوں رہتے ہیں۔
افق کے قریب چاند معمول سے بڑا دکھائی دے سکتا ہے اور زمین کی فضا کی موٹی تہہ سے گزرنے والی روشنی کے باعث اس کا رنگ زرد، نارنجی یا سرخی مائل نظر آسکتا ہے۔









