آئی سی سی نے اولمپک کوالیفائرز، ٹی 20 ورلڈ کپ اور ٹیسٹ چیمپیئن شپ فائنل کی تاریخوں کا اعلان کردیا

جمعہ 23 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2027 اور 2031 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے درمیان ہونے والے بڑے عالمی کرکٹ ایونٹس کا شیڈول جاری کردیا ہے، جس کے مطابق پاکستان 7 ستمبر سے یکم اکتوبر 2028 تک ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا، جبکہ لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے لیے مردوں اور خواتین کے کوالیفائنگ مقابلے جنوری اور فروری میں ہوں گے۔

آئی سی سی کی جانب سے یہ شیڈول اکتوبر میں دبئی میں ہونے والے اجلاسوں کے بعد رکن کرکٹ بورڈز کے ساتھ شیئر کیے گئے عالمی ایونٹس کے کیلنڈر میں شامل ہے۔ اس میں مردوں کے 12، خواتین کے 7 اور انڈر 19 کے 5 ایونٹس شامل ہیں، تاہم بعض مقابلوں کی تفصیلات کو حتمی شکل دینا باقی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی رینکنگز میں بہتری، پاکستانی ٹیم چوتھے نمبر پر آگئی

کرکٹ 1900 کے بعد پہلی مرتبہ لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں شامل ہوگی۔ آئی سی سی نے اولمپکس کے لیے مردوں اور خواتین کے کوالیفائنگ مقابلوں کی تاریخیں 2027 سے تبدیل کرکے جنوری اور فروری 2028 مقرر کی ہیں۔ یہ مقابلے اولمپکس سے 6 ماہ سے بھی کم عرصہ پہلے ہوں گے۔

خواتین کے اولمپک مقابلوں کے لیے آسٹریلیا، بھارت، جنوبی افریقا اور برطانیہ پہلے ہی اپنے اپنے براعظموں کی اہل ٹیموں میں سب سے بہتر درجہ بندی کی بنیاد پر کوالیفائی کرچکے ہیں۔ ان ٹیموں نے رواں سال ہونے والے ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر جگہ حاصل کی۔

مردوں کے مقابلوں میں افریقا، ایشیا، یورپ اور اوشیانا کی اہل ٹیموں میں سے آئی سی سی کی 31 دسمبر 2026 کی ٹی 20 عالمی درجہ بندی میں سب سے اوپر موجود ٹیمیں براہ راست کوالیفائی کریں گی۔

میزبان امریکا کو مردوں اور خواتین کے دونوں مقابلوں میں براہ راست شرکت کا موقع مل سکتا ہے، تاہم اس کے لیے دونوں ٹیموں کو آئی سی سی کی مقررہ درجہ بندی کی شرائط پوری کرنا ہوں گی۔ دونوں ٹیموں کا 30 جون سے 31 دسمبر 2026 کے دوران کسی وقت متعلقہ ٹی 20 عالمی درجہ بندی میں ابتدائی 15 ٹیموں میں شامل ہونا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی نے مینز کرکٹ ورلڈکپ 2027 کے 12 میزبان وینیوز کا اعلان کردیا

امریکا کی مردوں کی ٹیم اس وقت 13ویں نمبر پر ہے اور براہ راست کوالیفائی کرنے کی پوزیشن میں ہے، جبکہ خواتین کی ٹیم 19ویں نمبر پر ہونے کے باعث مشکلات کا شکار ہے۔

آئی سی سی نے خواتین کی ٹیم کے لیے کوالیفائنگ طریقہ کار میں بھی تبدیلی کی ہے۔ اگر امریکی خواتین کی ٹیم 31 دسمبر 2026 تک مطلوبہ درجہ بندی حاصل نہ کرسکی تو خالی جگہ اب مارچ 2027 کی درجہ بندی کے بجائے فروری 2027 میں بھارت میں ہونے والی پہلی ویمنز چیمپیئنز ٹرافی کی پوزیشنز کی بنیاد پر دی جائے گی۔

مردوں اور خواتین کے اولمپک کوالیفائنگ مقابلوں میں 8، 8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ان میں براہ راست کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کے علاوہ 7 بہترین اہل ٹیمیں اور کیریبین کے علاقائی کوالیفائر کی فاتح ٹیم شامل ہوگی۔ آئی سی سی نے تاحال ان مقابلوں کے میزبان مقامات کا اعلان نہیں کیا۔

آئی سی سی کے شیڈول کے مطابق 2028 میں خواتین اور مردوں کے ٹی 20 ورلڈ کپ منعقد ہوں گے، جن کے درمیان صرف 11 دن کا وقفہ ہوگا۔ پاکستان 7 ستمبر سے یکم اکتوبر 2028 تک 12 ٹیموں پر مشتمل ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا، جبکہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ مشترکہ طور پر 20 ٹیموں کے مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کریں گے، جو 12 اکتوبر سے 12 نومبر تک کھیلا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے ٹکٹوں کی ریکارڈ طلب، ڈیڑھ کروڑ سے زائد درخواستیں موصول

آئی سی سی نے 2030 کے مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے شیڈول میں بھی تبدیلی کی ہے۔ یہ ایونٹ پہلے جون میں ہونا تھا، تاہم اب اسے جولائی اور اگست میں منعقد کیا جائے گا۔ انگلینڈ، آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کو پہلے ہی اس ٹورنامنٹ کی میزبانی سونپی جاچکی ہے۔

آئی سی سی کے مطابق مختلف ایونٹس کے مقامات اور کوالیفائنگ انتظامات سے متعلق مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی،آئی سی سی کے مطابق ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا فائنل 8 سے 12 جون 2029 تک انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

27 اکتوبر، یوم سیاہ: بین الاقوامی قانون کیا کہتا ہے؟

خیبرپختونخوا میں تعلیمی نظام کی بدحالی بے نقاب، 627 اسکول غیرفعال، 11 پر غیر قانونی قبضے کا انکشاف

ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کا ٹیکس دہندگان کی شکایت کے بروقت ازالے کا حکم

کشمیر ڈے پر واک، اسلام آباد پولیس نے ٹریفک کے لیے متبادل پلان جاری کردیا

عالمی منڈی میں غیریقینی صورت حال کے باعث مہنگائی کا دباؤ بڑھا، شرح سود میں اضافہ ناگزیر تھا، گورنر اسٹیٹ بینک

ویڈیو

پشاور میں زیر زمین پانی کی سطح خطرناک حد تک کم، 2050 تک شدید بحران کا خدشہ

نوشہرو فیروز: نامکمل قومی شاہراہ 3 برسوں سے سندھ حکومت کی توجہ کی طالب، مایوس شہری نئے انتظامی یونٹس کے منتظر

4 جی تو ٹھیک چلتا نہیں، 5 جی کیسے چلے گا؟ انٹرنیٹ کی رفتار پر اسلام آباد کے شہری کیا کہتے ہیں؟

کالم / تجزیہ

27 اکتوبر، یوم سیاہ: بین الاقوامی قانون کیا کہتا ہے؟

تحریک انصاف : رُل تے گئے آں پر چس بڑی آئی اے

درختوں پر جھولے اچھے لگتے ہیں، لاشیں نہیں