امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی دوبارہ انتخاب کے لیے حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ ایران کے خلاف شروع کی گئی فوجی کارروائی کو مکمل کیا جائے۔
مزید پڑھیں:ایران سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، بہت جلد کچھ ہونے والا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کا انکشاف
خبر رساں ادارے اناطولیہ ایجنسی کے مطابق ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں اسرائیلی ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ آئندہ انتخابات میں نیتن یاہو کو دوبارہ وزیراعظم منتخب کریں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے ایران کے خلاف کارروائیوں میں مل کر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کی بحریہ اور فضائیہ ختم ہو چکی ہیں، جبکہ اس کی فوجی اور اقتصادی صورتِ حال بھی تباہ کن ہے۔ انہوں نے ایران میں مہنگائی کی شرح 301 فیصد ہونے اور بحری ناکہ بندی کے باعث تیل برآمد نہ کر پانے کا دعویٰ بھی کیا۔
امریکی صدر نے اسرائیلی ووٹروں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو کو وزیراعظم منتخب کیا جائے، کیونکہ ’ہمیں اس کام کو مکمل کرنا ہے جو ہم نے شروع کیا تھا۔‘
مزید پڑھیں:فرانس جل رہا ہے، ذمہ دار تارکین وطن، سرحدیں مکمل بند کرنا ہوں گی، صدرڈونلڈ ٹرمپ کا بیان وائرل
ٹرمپ نے 18 اکتوبر کو اسرائیلی عوام کے نام اپنے خط کا حوالہ دیتے ہوئے نیتن یاہو کو ایک مضبوط جنگجو وزیراعظم اور امن کے لیے اہم شراکت دار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسرائیل نے نیتن یاہو کے بجائے کسی دوسرے رہنما کا انتخاب کیا تو امریکا کو ایران کے خلاف یہ کام خود کرنا پڑے گا، جس میں وہ دلچسپی نہیں رکھتے۔
ٹرمپ نے نیتن یاہو کی قیادت اور دباؤ کا سامنا کرنے کی صلاحیت کی تعریف کرتے ہوئے ان کی دوبارہ انتخابی مہم کی بھرپور حمایت کی اور کہا کہ نیتن یاہو اسرائیلی عوام کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔











