نوبیل امن انعام نہ ملنے پر ٹرمپ کی ناروے پر شدید تنقید، گھٹیا ملک قرار دیدیا

پیر 26 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نوبیل  امن انعام نہ ملنے پر ناروے کے خلاف اپنی سخت بیان بازی میں مزید شدت پیدا کرتے ہوئے ملک کو ’گھٹیا ملک‘ قرار دے دیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے اتوار کو ریاست مشی گن کے شہر پورٹ ہورون میں ایک سیاسی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ناروے کے تارکینِ وطن کو امریکا میں خوش آمدید نہیں کہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ بعض ممالک کے تارکینِ وطن کو امریکا میں خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہیں، تاہم ناروے کے شہریوں کے لیے ایسا نہیں کریں گے کیونکہ انہیں نوبیل امن انعام نہیں دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’ناروے کو نہیں بھولیں گے‘، نوبیل امن انعام نہ ملنے پر ٹرمپ کی دھمکی آمیز تنقید

’میں ناروے سے کسی کو نہیں چاہتا کیونکہ مجھے نوبیل  انعام نہیں ملا، ناروے اب ایک گھٹیا ملک بن چکا ہے۔‘

امریکی صدر نے اس سے قبل ہیٹی، لیبیا، صومالیہ اور یمن کے لیے بھی اسی نوعیت کی توہین آمیز اصطلاح استعمال کی تھی۔

ٹرمپ کی یہ گفتگو ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا میں آئندہ ہفتے وسط مدتی انتخابات ہونے والے ہیں اور صدر انتخابی مہم کے سلسلے میں ریلیوں سے خطاب کر رہے ہیں۔

انہوں نے فرانس میں حالیہ بدامنی کا ذمہ دار بھی تارکینِ وطن کو قرار دیتے ہوئے امیگریشن پالیسی پر اپنے سخت مؤقف کا اعادہ کیا۔

تاہم، ٹرمپ کے بیان سے یہ اشارہ نہیں ملا کہ امریکی انتظامیہ ناروے کے شہریوں کی امریکا آمد کے حوالے سے کسی نئی سرکاری پالیسی پر عمل درآمد کا ارادہ رکھتی ہے۔

نوبیل  امن انعام نہ ملنے پر ٹرمپ اس سے قبل بھی ناروے کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں، رواں ماہ کے آغاز میں انہوں نے انعام نہ دیے جانے کو ناروے کے لیے ایک ’انمٹ داغ‘ قرار دیا تھا۔

مزید پڑھیں: نوبیل امن انعام کا مستحق ہوں لیکن ملنے کا یقین نہیں، ٹرمپ

واضح رہے کہ نوبیل امن انعام کا فیصلہ ناروے کی نوبیل کمیٹی کرتی ہے، جس کا صدر دفتر دارالحکومت اوسلو میں واقع ہے۔

صدر ٹرمپ کی جانب سے انعام نہ ملنے پر ناروے کے خلاف بیان بازی کے باوجود انعام کے فیصلے اور ناروے کی حکومت کے درمیان تعلق کے حوالے سے کوئی نئی سرکاری پالیسی سامنے نہیں آئی۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے اعدادوشمار کے مطابق ناروے فی کس مجموعی ملکی پیداوار کے لحاظ سے دنیا کے زیادہ آمدنی والے ممالک میں شامل ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کا ٹیکس دہندگان کی شکایت کے بروقت ازالے کا حکم

کشمیر ڈے پر واک، اسلام آباد پولیس نے ٹریفک کے لیے متبادل پلان جاری کردیا

عالمی منڈی میں غیریقینی صورت حال کے باعث مہنگائی کا دباؤ بڑھا، شرح سود میں اضافہ ناگزیر تھا، گورنر اسٹیٹ بینک

پی ٹی آئی رہنماؤں کی سیاست اور سرگرمیاں دہشتگردی کے خلاف آپریشن میں رکاوٹ تھیں، رانا ثنااللہ

حکومت نے 27 اکتوبر کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا

ویڈیو

پشاور میں زیر زمین پانی کی سطح خطرناک حد تک کم، 2050 تک شدید بحران کا خدشہ

نوشہرو فیروز: نامکمل قومی شاہراہ 3 برسوں سے سندھ حکومت کی توجہ کی طالب، مایوس شہری نئے انتظامی یونٹس کے منتظر

4 جی تو ٹھیک چلتا نہیں، 5 جی کیسے چلے گا؟ انٹرنیٹ کی رفتار پر اسلام آباد کے شہری کیا کہتے ہیں؟

کالم / تجزیہ

تحریک انصاف : رُل تے گئے آں پر چس بڑی آئی اے

درختوں پر جھولے اچھے لگتے ہیں، لاشیں نہیں

یورپ کی جین زی اتنے غصے میں کیوں ہے؟