جاپان کی حکومت کے مالی تعاون سے پنجاب کی تحصیل مری کے گاؤں نمبل میں رابطہ سڑک کی تعمیر و بہتری کا منصوبہ مکمل کر لیا گیا، جس کی افتتاحی تقریب میں پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی نے شرکت کی۔
اسلام آباد میں جاپانی سفارت خانے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق منصوبے کی افتتاحی تقریب میں جاپانی سفیر اکاماتسو شوئیچی کے علاوہ مری کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سدرہ بتول، جاپانی سفارت خانے کے حکام، المیزان اسلامک ماڈل اسکول کے نمائندوں، اساتذہ، طلبہ، والدین اور مقامی افراد نے شرکت کی۔
یہ منصوبہ المیزان اسلامک ماڈل اسکول کے ذریعے مکمل کیا گیا، جو پاکستان میں کمزور اور پسماندہ طبقات کی تعلیم، استعداد کار میں اضافے اور جامع سماجی ترقی کے لیے کام کرنے والا ادارہ ہے۔
جاپانی حکومت نے نچلی سطح پر انسانی تحفظ کے منصوبوں کے لیے اپنے امدادی پروگرام کے تحت اس منصوبے کے لیے 64 ہزار 528 امریکی ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی۔
منصوبے کے تحت ایک پائیدار کنکریٹ رابطہ سڑک تعمیر کی گئی، جبکہ مقامی آبی گزرگاہوں پر حفاظتی پلیاں بھی بنائی گئیں۔ اس سے قبل علاقے میں کچے اور غیر محفوظ راستے موجود تھے، جن کی جگہ نئی سڑک کی تعمیر سے سیلابی صورتحال میں راستوں کے متاثر ہونے کے خطرات کم کرنے میں مدد ملے گی۔
منصوبے کی تکمیل میں المیزان اسلامک ماڈل اسکول اور مقامی آبادی نے بھی بھرپور تعاون کیا۔ مقامی سطح پر فراہم کیے گئے اضافی وسائل میں 45 لاکھ روپے مالیت کی زمین، تکنیکی نگرانی اور مقامی پتھر سمیت تعمیراتی سامان شامل تھا۔
جاپانی سفارت خانے کے مطابق گاؤں نمبل میں مناسب سڑک نہ ہونے کے باعث مقامی آبادی کو طویل عرصے سے آمدورفت میں مشکلات کا سامنا تھا، جبکہ ہنگامی حالات میں غیر محفوظ راستے شہریوں کے لیے سنگین خطرات پیدا کرتے تھے۔
نئی سڑک کی تعمیر سے 500 سے زیادہ طلبہ کو اسکول آنے جانے کے لیے محفوظ راستہ میسر آ گیا ہے اور اب انہیں سیلاب کے خطرے سے دوچار ندی نالوں کے راستوں سے گزرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اس کے علاوہ منصوبے سے علاقے کے 2540 رہائشی براہ راست مستفید ہوں گے، جنہیں صحت کی سہولیات اور بازاروں تک بہتر رسائی حاصل ہوگی، جبکہ روزمرہ زندگی میں آمدورفت مزید محفوظ اور آسان ہو جائے گی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپانی سفیر اکاماتسو شوئیچی نے دشوار گزار پہاڑی علاقے اور سخت موسمی حالات کے باوجود منصوبہ کامیابی سے مکمل کرنے پر المیزان اسلامک ماڈل اسکول کو مبارکباد دی۔
انہوں نے کہاکہ عوام کی زندگیوں میں بہتری اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے محفوظ اور قابل اعتماد بنیادی ڈھانچے کی فراہمی انتہائی ضروری ہے۔
جاپانی سفیر نے خصوصی طور پر اسکولوں تک محفوظ سڑکوں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ہر بچے کو تعلیم حاصل کرنے اور بہتر مستقبل کی تعمیر کے مواقع فراہم کرنے کے لیے محفوظ راستوں کی دستیابی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
اکاماتسو شوئیچی نے پاکستان کی پائیدار ترقی میں تعاون جاری رکھنے کے جاپانی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ گاؤں نمبل میں تعمیر ہونے والی یہ سڑک پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ دوستی اور باہمی تعاون کی ایک پائیدار علامت ثابت ہوگی۔









