قومی ویمنز ٹی 20 ٹورنامنٹ کے سنسنی خیز فائنل میں اسٹرائیکرز نے اسٹارز کو صرف ایک رن سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ اسٹرائیکرز نے 116 رنز کے ہدف کے دفاع میں آخری اوور میں شاندار بولنگ کی اور اسٹارز کو 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز تک محدود کردیا۔
فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں اسٹرائیکرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19 اوورز میں 10وکٹوں کے نقصان پر 115 رنز بنائے۔ جواب میں اسٹارز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 114 رنز ہی بنا سکی۔ اسٹرائیکرز کی جانب سے آخری اوور میں 11 رنز کا دفاع کرنے والی فاسٹ بولر سیدہ معصومہ زہرا نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے اپنی ٹیم کو یادگار فتح دلائی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ویمنز ٹیم آئندہ ماہ بنکاک میں آئی سی سی ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کھیلے گی
اسٹرائیکرز نے نتالیہ پرویز کی قیادت میں ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے اپنے تمام 9 میچز جیتے۔ چیمپئن ٹیم کو 15 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی، جبکہ رنرز اپ اسٹارز کو 10 لاکھ روپے ملے۔
اسٹارز کی جانب سے صدف شمس نے 38 گیندوں پر 37 رنز بنا کر ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی اننگز میں 3 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، جبکہ ڈیانا بیگ نے 17 گیندوں پر ناقابلِ شکست 16 رنز بنائے۔ آخری اوور کی پہلی گیند پر ڈیانا بیگ نے چوکا بھی لگایا، تاہم اسٹارز کو فتح کے لیے درکار رنز نہ مل سکے۔
اسٹرائیکرز کی جانب سے آف اسپنر رمین شمیم نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 9 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ عمائمہ سہیل نے بھی 4 اوورز میں 11 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ رمین شمیم کو فائنل میں فیصلہ کن کارکردگی پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: قومی ویمنز ٹی 20 ٹورنامنٹ : مومنہ ریاست اور فاطمہ ثنا چھا گئیں، اسٹارز اور اسٹرائیکرز کی کامیابی
اس سے قبل اسٹرائیکرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ایمان نذیر نے 12 گیندوں پر 20 رنز بنا کر ٹیم کو تیز آغاز فراہم کیا، جبکہ اقصیٰ حبیب نے بھی ان کا ساتھ دیا۔ تاہم بعد میں اسٹرائیکرز کی بیٹنگ مشکلات کا شکار ہوئی اور ٹیم نے 58 رنز کے دوران 5 وکٹیں گنوا دیں۔
کپتان نتالیہ پرویز نے 31 گیندوں پر 30 رنز بنا کر اننگز کو سنبھالا، جبکہ حورینا سجاد نے 16 اور رمین شمیم نے 15 رنز بنائے۔ اسٹارز کی جانب سے لیگ اسپنر حفصہ خالد نے 29 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، کپتان طوبیٰ حسن نے 17 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ڈیانا بیگ نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز انوِنسیبلز کی سیدہ عروب شاہ نے حاصل کیا، جنہوں نے 134 رنز بنانے کے ساتھ 10 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ صدف شمس 285 رنز کے ساتھ ٹورنامنٹ کی سب سے زیادہ رنز بنانے والی بیٹر رہیں، جبکہ رمین شمیم نے 19 وکٹیں لے کر بولرز کی فہرست میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔











