میکسیکو کے خودمختار قومی انتخابی ادارے (آئی این ای) کی سربراہ گواڈالوپے تادے بدعنوانی کے الزامات کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہو رہی ہیں۔ صدر کلاڈیا شین بام نے پیر کو ان کے استعفے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مفادات کے ٹکراؤ کے خدشات کے سائے میں عہدے پر برقرار رہنا مناسب نہیں تھا۔
گواڈالوپے تادے کا استعفیٰ صدر شین بام کے 2 سالہ دورِ صدارت میں مبینہ بدعنوانی سے جڑا اب تک کا نمایاں ترین معاملہ ہے۔ اس پیشرفت سے انتخابی ادارے کی ساکھ اور قیادت پر نئے سوالات اٹھ گئے ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب میکسیکو میں 2027 کے وسط مدتی انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں۔
میکسیکو کی پارلیمان نے رواں سال کے آغاز میں صدر شین بام کی جانب سے انتخابی نظام میں وسیع تر اصلاحات کی تجویز مسترد کردی تھی، تاہم بعد ازاں انتخابی قوانین میں محدود تبدیلیوں کے پیکیج کی حمایت کی گئی۔
میکسیکو کے سپریم آڈٹ آفس نے انتخابی ادارے کے ٹھیکوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات شروع کر رکھی ہیں، جن میں مفادات کے ممکنہ ٹکراؤ اور سرکاری رقوم کی مبینہ طور پر مختلف ذرائع سے منتقلی کے معاملات شامل ہیں۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق تادے پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک ایسے ٹھیکیدار کو لاکھوں ڈالر مالیت کے ٹھیکے دینے میں ترجیح دی جس کے ساتھ ان کے ذاتی تعلقات ہیں۔ تاہم، یہ الزامات تحقیقات کے مرحلے میں ہیں۔









