یورپی یونین نے رکن ممالک کی بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندیاں روک دیں

جمعرات 29 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یورپی یونین نے رکن ممالک کی جانب سے بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر الگ الگ قومی پابندیاں عائد کرنے کے منصوبوں کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ پورے یورپ کے لیے یکساں قانون کی منظوری تک مختلف ممالک میں مختلف عمر کی حدیں مقرر نہ ہوں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یورپی کمیشن نے آسٹریا کی جانب سے 14 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کرنے کے مجوزہ قانون کو روک دیا ہے۔ یورپی کمیشن کے ترجمان تھامس ریگنیئر نے جمعرات کو بتایا کہ مستقبل کے مشترکہ قوانین سے متعلق قومی قانون سازی کے مسودوں کو 12 ماہ کے لیے مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا نابالغ بچوں پر سوشل میڈیا پابندی لگانے والا پہلا ملک بن گیا

یورپی کمیشن نے گزشتہ ماہ تجویز پیش کی تھی کہ 13 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کی جائے، جبکہ 15 سال کی عمر تک بچوں کو محدود اور نگرانی میں سوشل میڈیا استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔

یورپی یونین کا مؤقف ہے کہ اگر رکن ممالک نے اپنے طور پر الگ الگ قوانین نافذ کردیے تو پورے اتحاد میں عمر کی مختلف حدود مقرر ہوجائیں گی، جس سے مشترکہ قانون سازی کا مقصد متاثر ہوسکتا ہے۔ یورپی کمیشن کو یہ خدشہ بھی ہے کہ قومی قوانین نافذ ہونے کے بعد رکن ممالک پورے یورپی اتحاد کے لیے مشترکہ قانون کی منظوری میں تاخیر کرسکتے ہیں۔

تھامس ریگنیئر نے کہا کہ اب توجہ ‘یورپی یونین کڈز ایکٹ’ پر مذاکرات اور موجودہ قوانین پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے پر مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ یورپی کمیشن کو امید ہے کہ رکن ممالک اور یورپی پارلیمنٹ آئندہ چند ماہ میں نئے قوانین پر اتفاق کرلیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: یورپی یونین میں 13 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا پر پابندی کی تجویز

تاہم اس فیصلے میں بعض استثنا بھی موجود ہیں۔ فرانس کی جانب سے مجوزہ قانون میں تبدیلی کا مطالبہ کیا گیا ہے، لیکن اس قانون کو روکے جانے کا امکان نہیں کیونکہ پیرس نے یورپی یونین کی مشترکہ قانون سازی کی تجویز سامنے آنے سے پہلے ہی اس بارے میں اطلاع دے دی تھی۔

یونان بھی اپنے قومی قوانین منظور کرنے میں کامیاب رہا ہے، جن کا مسودہ ستمبر سے کافی پہلے تیار کیا گیا تھا۔ ترجمان نے یہ واضح نہیں کیا کہ فرانس کو اپنے قومی قانون پر عمل درآمد سے روکا جائے گا یا نہیں۔

یورپی یونین نے اٹلی اور سلوواکیہ سمیت دیگر رکن ممالک میں بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندیوں کی تجاویز کے بارے میں تاحال فیصلہ نہیں کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp