وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی نے کارروائی کرتے ہوئے 16 سال سے مطلوب اشتہاری ملزم کو منڈی بہاؤالدین سے گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون شہزاد ندیم بخاری کی ہدایات پر ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ندیم ظفر نے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی۔
ٹیم کی قیادت انسپکٹر زاہد بھٹی نے کی، جبکہ ٹیم میں اے ایس آئی رفیق اور ہیڈ کانسٹیبل وقاص گجر بھی شامل تھے۔
ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مطلوب اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی آر نمبر 243/10 میں نامزد اشتہاری ملزم نور احمد کو منڈی بہاؤالدین سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم گزشتہ 16 سال سے مفرور تھا۔
ملزم پر مبینہ طور پر ایران اور ترکی کے راستے غیر قانونی ڈنکی روٹس کے ذریعے شہریوں کو یونان بھجوانے میں سہولت کاری کا الزام ہے۔
حکام کے مطابق مقدمے میں ملوث دیگر ملزمان کے کردار کا تعین دورانِ تفتیش کیا جائے گا۔
ایف آئی اے نے کہا ہے کہ انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی امیگریشن میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے ادارہ پُرعزم ہے۔











