سیالکوٹ: ٹک ٹاکر کی مہندی تقریب میں بھگدڑ، اموات کی تعداد 2 ہوگئی، 6 ملزمان گرفتار

اتوار 1 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سیالکوٹ پولیس نے ڈسکہ میں ٹک ٹاکر کی مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے کے واقعے میں 6 مشتبہ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ واقعے کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔ بھگدڑ کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 2 ہوگئی، جبکہ 18 افراد زخمی ہوئے۔

انعامات کی تقریب میں سیکڑوں افراد کی آمد، بھگدڑ کیسے مچی؟

ٹک ٹاکر محمد انصار جٹ المعروف ’مسٹر پٹلو‘ نے گزشتہ رات ڈسکہ روڈ پر واقع فراز کرکٹ گراؤنڈ میں مہندی کی تقریب اور انعامات کی تقسیم کا اعلان کیا تھا۔

تقریب کے دوران سیکڑوں افراد جمع ہوگئے۔ اسٹیڈیم کے دروازے کھلنے پر لوگوں کی بڑی تعداد بیک وقت اندر داخل ہونے لگی، جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی۔

ابتدائی طور پر ریسکیو 1122 نے ایک شخص کے جاں بحق اور 13 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی تھی، تاہم مقامی رہائشیوں کے مطابق زخمیوں کی تعداد زیادہ تھی کیونکہ تقریب میں موجود افراد کئی زخمیوں کو خود قریبی اسپتالوں میں لے گئے تھے۔

اتوار کو سیالکوٹ پولیس نے تصدیق کی کہ بھگدڑ میں 18 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے ایک شخص سرکاری اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گیا، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہوگئی۔

ٹک ٹاکر انصار جٹ فرار، پولیس کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری

پولیس کے مطابق واقعے کے فوری بعد ٹک ٹاکر انصار جٹ موقع سے فرار ہوگیا تھا۔ اسے گرفتار کرنے کے لیے پولیس کی تحقیقاتی اور چھاپہ مار ٹیمیں کارروائیاں کر رہی ہیں۔

پولیس نے تقریب میں انعامات کے طور پر دی جانے والی 50 موٹر سائیکلیں اور ایک گاڑی بھی اپنی تحویل میں لے لی ہے۔

سیالکوٹ کے ڈی پی او دوست محمد نے تقریب کے انتظامات میں ملوث 6 افراد کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ان کی گرفتاری کے لیے جدید ٹیکنالوجی، انسانی ذرائع اور روایتی پولیسنگ کے طریقے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر قیمتی انعامات کے لکی ڈرا کا اعلان کیا گیا تھا

ڈی پی او کے مطابق پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ منتظمین نے سوشل میڈیا کے ذریعے لکی ڈرا کی تشہیر کرتے ہوئے بڑی تعداد میں لوگوں کو تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی۔

لکی ڈرا میں موٹر سائیکلوں، ایک گاڑی اور دیگر قیمتی انعامات کا اعلان کیا گیا تھا۔

ڈی پی او نے بتایا کہ تقریب کے دوران لاؤڈ اسپیکر پر اعلان کیا گیا کہ تمام شرکا بیک وقت گراؤنڈ میں داخل ہوں، جس کے نتیجے میں اسپورٹس اسٹیڈیم میں شدید بھگدڑ مچ گئی۔

ان کے مطابق منتظمین نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اجازت نامے کی شرائط اور حفاظتی اقدامات کے طے شدہ ضابطہ کار (ایس او پیز) کی خلاف ورزی کی۔ واقعے کے باعث مرکزی ڈسکہ، سیالکوٹ روڈ پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

شہریوں کی املاک کو نقصان، پولیس کا سخت کارروائی کا اعلان

ڈی پی او دوست محمد نے تقریب میں شرکا کے غیر ذمہ دارانہ رویے اور سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی اطلاعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی عوامی اجتماع یا تقریب میں حفاظتی انتظامات سے متعلق غفلت، جس سے انسانی جانوں کو خطرہ لاحق ہو، برداشت نہیں کی جا سکتی۔

ڈی پی او نے واضح کیا کہ واقعے کے ذمہ دار تمام افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ نے ٹک ٹاکر کا این او سی منسوخ کردیا

سیالکوٹ ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق ٹک ٹاکر کو ڈسکہ میں ایک نجی تقریب کے دوران بند جگہ پر محفلِ سماع منعقد کرنے کے لیے عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کیا گیا تھا۔

ترجمان نے بتایا کہ مقررہ شرائط و ضوابط کی خلاف ورزی کے باعث تقریب شروع ہونے سے پہلے ہی منسوخ کردی گئی تھی۔

این او سی کے مطابق پروگرام نماز عشا کے بعد شروع ہونا تھا، تاہم انتظامیہ کو سہ پہر 4 بجے سے ہی منتظمین کی جانب سے انتظامات میں مبینہ بے ضابطگیوں کی اطلاعات موصول ہونا شروع ہوگئی تھیں۔

ان اطلاعات کا جائزہ لینے کے بعد ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے فوری پیشگی کارروائی کرتے ہوئے پہلے سے جاری این او سی منسوخ کردیا تھا۔

ٹک ٹاکر، بھائی، گراؤنڈ مالک اور دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج

واقعے کا مقدمہ تھانہ موترہ میں انسپکٹر مبین احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمے کی ایف آئی آر کے مطابق ٹک ٹاکر انصار جٹ، اس کے بھائی، فراز کرکٹ گراؤنڈ کے مالک، تقریب کے منتظمین میں شامل 6 دیگر افراد اور 40 سے 45 نامعلوم سیکیورٹی گارڈز کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے سیالکوٹ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اجازت نامے کی شرائط اور مقررہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کی۔ مبینہ خلاف ورزیوں میں لاؤڈ اسپیکر کا غیر قانونی استعمال، مرکزی سڑک کی بندش، شہریوں کی موٹر سائیکلوں کو نقصان پہنچانا اور جانی و مالی نقصان کا سبب بننا شامل ہے۔

تقریب میں موبائل فون اور نقدی چوری ہونے کی شکایات بھی سامنے آگئیں

ایف آئی آر کے مطابق فراز اسپورٹس اسٹیڈیم میں سیکیورٹی کے ناکافی انتظامات کے باعث بڑی تعداد میں لوگ داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

مقدمے میں مزید بتایا گیا ہے کہ مہندی اور انعامات کی تقسیم کی تقریب میں شریک درجنوں افراد نے اپنے موبائل فون غائب ہونے کی شکایات کیں، جبکہ نامعلوم چوروں نے کئی افراد کی جیبوں سے نقدی اور اہم دستاویزات بھی نکال لیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

کیرا نائٹلی کی ’بلیک ڈووز‘ کا دوسرا سیزن، جاسوسی، ایکشن اور مزاح کا نیا امتزاج

مسٹر پتلو کو عدالت سے بڑا ریلیف، اسلام آباد ہائیکورٹ نے حفاظتی ضمانت منظور کرلی

پاک بھارت ورلڈ کپ میچ کے ٹکٹوں کی ریکارڈ توڑ مانگ، 84 لاکھ درخواستیں موصول

عمران خان سے وکیل کی ملاقات، خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی پر کیا ردعمل ظاہر کیا؟

پاکستان اور جاپان کے تعلقات کے فروغ میں نمایاں خدمات: حکومتِ جاپان کا سابق پاکستانی سفیر فرخ اختر عامل کے لیے اعلیٰ ترین سول اعزاز کا اعلان

ویڈیو

عمران خان سے وکیل کی ملاقات، خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی پر کیا ردعمل ظاہر کیا؟

مولانا فضل الرحمان نے شہدا کی توہین کی، ریاست کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، بہرامند تنگی

ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ، پشاور میں فی کلو قیمت 650 روپے تک پہنچ گئی

کالم / تجزیہ

تحریک انصاف، جے یو آئی اور جماعت اسلامی: ایک سماجی مطالعہ

نئے صوبے کس کی اجارہ داری توڑیں گے؟

مولانا فضل الرّحمان اور خواجہ آصف کا نقد سودا