حکومتِ جاپان نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور دوستانہ روابط کو فروغ دینے میں شاندار خدمات کے اعتراف میں جاپان میں پاکستان کے سابق سفیر فرخ اختر عامل کو اعلیٰ ترین جاپانی اعزاز ’دی آرڈر آف دی رائزنگ سن، گولڈ اینڈ سلور اسٹار‘ سے نوازنے کا اعلان کیا ہے۔
جاپانی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق یہ اعلان حکومتِ جاپان کی جانب سے غیر ملکی شہریوں کے لیے ’2026 فال کنفرمنٹ آف ڈیکوریشن‘ کے تحت کیا گیا ہے۔
سابق سفیر فرخ اختر عامل نے 2013 سے 2017 تک جاپان میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ اپنے دورِ تعیناتی میں انہوں نے ثقاقتی، سفارتی اور عوام سے عوام کے رابطوں کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
اگست 2015 میں انہوں نے جاپان کی امپیریل ہائی نیس شہزادی تاکاماڈو کو ٹوکیو میں واقع پاکستانی سفارت خانے میں منعقدہ خطاطی کی نمائش میں مدعو کیا، جس سے دونوں ممالک کی امپیریل فیملیز اور عوام کے درمیان ثقافتی تعلقات کو ایک نئی بلندی ملی۔
انہوں نے جاپان کی 50 سے زائد یونیورسٹیوں میں خصوصی لیکچرز دیے اور جاپانی طلبہ و محققین کے ساتھ مسلسل براہِ راست مکالمہ قائم رکھا، جس سے دونوں ممالک کی نئی نسلوں میں باہمی افہام و تفہیم کو گہرا فروغ ملا۔
2011 کے بڑے مشرقی جاپان کے زلزلے سے شدید متاثر ہونے والے علاقے ‘فوکوشیما’ کا دورہ کر کے انہوں نے جاپانی عوام سے ہمدردی کا عملی ثبوت دیا۔ مقامی باشندوں نے ان کی اس آمد کو ’ناقابلِ فراموش حمایت‘ قرار دیا جس نے جاپانی عوام کے دلوں پر دیرپا اثرات مرتب کیے۔
سفارتی مدت ختم ہونے کے بعد بھی فرخ اختر عامل نے جاپان کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ انہوں نے فروری 2025 میں اسلام آباد میں جاپانی سفارت خانے کے تعاون سے ’خوبصورت جاپان – ایک سفیر کی آنکھوں سے‘ کے عنوان سے ایک تصویری نمائش کا انعقاد کیا، جس میں ان کی بطور سفیر جاپان میں کھینچی گئی نایاب تصاویر پیش کی گئی تھیں۔











