بیرون ملک مقیم خیبرپختونخوا کے شہریوں کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ صوبے میں اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات کی فوری سماعت اور 90 دن کے اندر فیصلے یقینی بنانے کے لیے خصوصی عدالتوں کے قیام کی تجویز زیر غور ہے۔ اس کے علاوہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالتی کارروائی میں شرکت کی سہولت فراہم کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین سید قمر رضا شاہ نے ملاقات کی، جس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش قانونی، معاشی اور دیگر مسائل کے حل سے متعلق اہم تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات کی سماعت کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کرنے کی تجویز پیش کی گئی، تاکہ بیرون ملک مقیم افراد پاکستان آئے بغیر ویڈیو لنک کے ذریعے عدالتی کارروائی میں شریک ہو سکیں۔ مجوزہ طریقہ کار کے تحت مقدمات کے فیصلے 90 دن کے اندر یقینی بنانے کے لیے خصوصی نظام تشکیل دیا جائے گا۔
ملاقات میں اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے تعاون سے خیبرپختونخوا میں عالمی معیار کی یونیورسٹی قائم کرنے کی اہم تجویز بھی پیش کی گئی، جس کا مقصد صوبے کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے نئے مواقع فراہم کرنا ہے۔
اس کے علاوہ صوبے کے نوجوانوں کو بین الاقوامی منڈی کی ضروریات کے مطابق فنی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے اور بیرون ملک روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے ساتھ مشترکہ اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ان کے دل کے بہت قریب ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ، فلاح و بہبود اور مسائل کا حل ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مجوزہ منصوبوں پر فوری پیش رفت یقینی بنائی جائے اور انہیں عملی جامہ پہنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔











