وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ چوہدری سالک حسین پنجاب میں کرپشن سے متعلق بیان کسی مستقبل کے سیاسی ایجنڈے کا حصہ ہو سکتا ہے۔
ایکس پر اپنے بیان میں وزیر دفاع نے کہاکہ چوہدری سالک حسین ان کے لیے نہایت قابل احترام ہیں اور وہ ان کے بزرگوں کو بھی اپنے بزرگوں جیسی عزت دیتے ہیں، تاہم پنجاب میں کرپشن سے متعلق ان کا بیان ان کی محدود سیاسی سمجھ سے بالاتر ہے۔
چوھدری سالک صاحب میرے لئیے بہت محترم ھیں۔ ان کے بزرگوں کا مجھے اپنے بزرگوں جیسا احترام ھے۔
انکا پنجاب میں کرپشن کے متعلق بیان میری ناقص سیاسی سمجھ سے باہر ھے۔ کرپشن ھمارے معاشرہ کا سب سے بڑا مسئلہ ھے اور یہ تمام سیاسی قیادت مرکزی اور صوبائی کی مشترکہ ذمہ داری ھے کے ملک کو اس لعنت سے پاک کیا جاۓ۔ چوھدری صاحب ماشاءاللہ مرکزی اور صوبائ دونوں حکومتوں کا حصہ ھیں ۔ دونوں حکومتوں کی قیادت PMLN کے پاس ھے الحمدوللہ ۔ مل کر جہاد کرتے ھیں ۔
اگر یہ بیان مستقبل کے کسی سیاسی ایجنڈا کا حصہ ھے ۔ کہ مریم نواز کی حکومت کو ٹارگٹ کرکے پنجاب و وفاق میں اپنے لئے جگہ بنائ جاۓ اور سیاسی مستقبل محفوظ کیا جائے تو پھر سمجھ آجاتی ھے۔
مریم نواز جسطرح پنجاب کے شہروں اور دیہات کی خدمت کر رہی ھے۔ اور پنجاب حکومت خدمت کے جو نئے معیار قائم کررہی ہے ۔ مخالفین کے لئے چیلنج بہت مشکل ھو گا۔ انشاء اللہ— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) November 4, 2026
خواجہ آصف نے کہا کہ کرپشن ہمارے معاشرے کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور ملک کو اس لعنت سے نجات دلانا وفاقی اور صوبائی سطح کی تمام سیاسی قیادت کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری سالک حسین وفاقی اور صوبائی دونوں حکومتوں کا حصہ ہیں، جبکہ دونوں حکومتوں کی قیادت مسلم لیگ ن کے پاس ہے۔
خواجہ آصف کے مطابق اگر چوہدری سالک حسین کا یہ بیان کسی مستقبل کے سیاسی ایجنڈے کا حصہ ہے، جس کا مقصد مریم نواز کی حکومت کو نشانہ بنا کر پنجاب اور وفاق میں اپنے لیے سیاسی جگہ پیدا کرنا اور اپنا سیاسی مستقبل محفوظ بنانا ہے، تو پھر اس بیان کی سمجھ آتی ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ مریم نواز جس انداز میں پنجاب کے شہروں اور دیہات کی خدمت کر رہی ہیں اور صوبائی حکومت عوامی خدمت کے جو نئے معیار قائم کر رہی ہے، وہ سیاسی مخالفین کے لیے ایک بہت مشکل چیلنج ثابت ہوں گے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری سالک حسین نے پنجاب میں کرپشن کا الزام عائد کیا تھا، جس پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انہیں ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔











