چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کے ہیڈکوارٹر تربیلا کا دورہ کیا، جہاں انہیں خصوصی تربیت، آپریشنل تیاریوں اور مشن کی ضروریات کے مطابق جنگی صلاحیتوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے ایس ایس جی کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے بدلتے ہوئے سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے مسلسل تربیت اور آپریشنل تیاریوں کی اہمیت پر زور دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر 5 نومبر کو ایس ایس جی ہیڈکوارٹر تربیلا پہنچے تو جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) ایس ایس جی نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے مادر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ایس ایس جی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
دورے کے دوران انہیں ایس ایس جی کی خصوصی تربیت، آپریشنل تیاریوں اور مختلف مشنز کی انجام دہی کے لیے دستیاب صلاحیتوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جدید ترین خصوصی آلات کا معائنہ بھی کیا اور ایس ایس جی کے جوانوں کی جانب سے خصوصی آپریشنز کے دوران جنگی مہارت، پھرتی اور درستگی کے مظاہرے دیکھے۔
افسران اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بلند حوصلے اور فرائض کی انجام دہی کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے سیکیورٹی خطرات اور نئے چیلنجز کے مقابلے میں برتری برقرار رکھنے کے لیے مسلسل تربیت، مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کی ترقی اور آپریشنل تیاریوں پر بھرپور توجہ دینا ناگزیر ہے۔









