گورنر راج کے بعد خیبرپختونخوا میں وفاق کا تیسرا حکمنامہ، بلدیاتی انتخابات پر پابندی

جمعرات 5 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد فی الحال بلدیاتی انتخابات نہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ گورنر خیبرپختونخوا کے اختیارات میں مزید اضافہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے تمام انتظامی اختیارات بھی گورنر کو منتقل کردیے ہیں۔

وفاقی حکومت نے 4 نومبر کو گورنر راج کے نفاذ کے بعد تیسرا حکمنامہ جاری کردیا ہے، اس سے قبل 11 اکتوبر کو صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق 2 الگ الگ حکمنامے جاری کیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا کے حلقوں کی حد بندی تبدیل نہیں ہوئی، الیکشن کمیشن کی وضاحت

وفاقی حکومت کے تیسرے حکمنامے میں 4 اہم نکات شامل کیے گئے ہیں۔

1۔ وزیراعلیٰ کے تمام انتظامی اختیارات گورنر کو منتقل

رولز آف بزنس 1985 کے تحت وزیراعلیٰ کے تمام انتظامی اختیارات گورنر خیبرپختونخوا کو تفویض کردیے گئے ہیں۔ اس فیصلے کے بعد گورنر ان تمام اتھارٹیز اور اداروں کے اجلاسوں کی صدارت کرسکیں گے جن کی سربراہی پہلے وزیراعلیٰ کرتے تھے۔ اس کے علاوہ گورنر مشاورتی کونسل میں مشیروں کی تعداد میں مزید اضافہ بھی کرسکیں گے۔

2۔ صوبے کے باقی 25 اضلاع میں بھی بلدیاتی انتخابات روک دیے گئے

وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا کے پہلے 12 اضلاع کے بعد باقی 25 اضلاع میں بھی بلدیاتی انتخابات کا راستہ روک دیا ہے اور آئین کے آرٹیکل 140A کو معطل کردیا ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گزشتہ ہفتے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کے احکامات دیے تھے۔ تاہم وفاقی حکومت نے پہلے آرڈر نمبر 2 کے تحت 12 اضلاع اور اب تیسرے حکمنامے کے ذریعے باقی 25 اضلاع میں بھی آرٹیکل 140A معطل کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 7 فروری 2027 کو ہوگا، الیکشن کمیشن

محکمہ بلدیات کے ایک اعلیٰ افسر کے مطابق گورنر راج کے نفاذ کے بعد وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم کرنا چاہتی ہے۔ موجودہ بلدیاتی نظام میں ضلعی حکومت کا نظام موجود نہیں ہے۔ وفاقی حکومت قومی اسمبلی کے ذریعے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کرکے نیا بلدیاتی نظام متعارف کرانا چاہتی ہے، اسی لیے مجوزہ ترامیم تک بلدیاتی انتخابات مؤخر کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ گورنر راج کے نفاذ کے بعد خیبرپختونخوا حکومت سہیل آفریدی اور علی امین گنڈاپور کے ادوار میں منظور کیے گئے 74 قوانین پر بھی نظرثانی کررہی ہے۔

3۔ گورنر وفاق کو ماہانہ رپورٹ بھیجنے کے پابند ہوں گے

حکمنامے کے تحت گورنر خیبرپختونخوا ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد صوبے کے تمام انتظامی اور مالی معاملات سے وفاقی حکومت کو باخبر رکھیں گے اور اس حوالے سے ہر ماہ رپورٹ بھی ارسال کریں گے۔

4۔ حکمنامے کا فوری نفاذ

وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ حکمنامہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp