سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ہوم سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم نے اسلام آباد کلب میں پہلا تربیتی سیشن مکمل کرلیا۔ سیریز 9 سے 21 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق تربیتی سیشن میں قومی اسکواڈ کے 5 کھلاڑیوں سلمان علی آغا، محمد عباس، رضا اللہ، عرفات منہاس اور سعود شکیل نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: بابراعظم کی قیادت میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان، 3 نئے بلے باز شامل
2 گھنٹے جاری رہنے والے تربیتی سیشن کے دوران کھلاڑیوں نے کوچز کی نگرانی میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مختلف مشقیں کیں۔
پی سی بی کے مطابق قومی ٹیسٹ کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد غازی غوری آج اسکواڈ کو جوائن کریں گے، دونوں کھلاڑی قائداعظم ٹرافی 2026-27 میں شرکت کے بعد قومی ٹیم کا حصہ بنیں گے۔
سری لنکا کے خلاف سیریز سے قبل پی سی بی پیٹرنز 11 اور سری لنکا کے درمیان 3 روزہ پریکٹس میچ بھی کھیلا گیا، جس میں مہمان ٹیم نے 142 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ اس میچ کے بعد پاکستان کے ابتدائی 14 رکنی اسکواڈ میں مزید 2 کھلاڑیوں کو شامل کیا جانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز، مائیک ہیسن کو عبوری ہیڈ کوچ برقرار رکھے جانے کا امکان
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کا حصہ ہے۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ 9 سے 13 نومبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ 17 سے 21 نومبر تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔
پاکستان کا ٹیسٹ اسکواڈ
بابر اعظم (کپتان)، عبداللہ فضل، علی عثمان، عرفات منہاس، اذان اویس، محمد عباس، محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)، محمد سلیمان، محمد طحہٰ، رضا اللہ، سعد بیگ (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، سمیر منہاس اور سعود شکیل شامل ہیں۔











