سڑکیں بنیں یا نہیں؟ ایک ارب 32 کروڑ کے اسکینڈل کی تحقیقات شروع

جمعہ 6 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا میں مبینہ کرپشن کا ایک اور بڑا اسکینڈل سامنے آگیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں 10 سڑکوں کی تعمیر کے لیے جاری ایک ارب 32 کروڑ 37 لاکھ روپے کے ٹھیکوں میں سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، جس پر محکمہ اینٹی کرپشن نے تحقیقات شروع کردیں۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق اگست 2022 میں محکمہ تعمیرات و مواصلات (سی اینڈ ڈبلیو) کے ہائی وے ڈویژن ڈیرہ اسماعیل خان نے 10 سڑکوں کی تعمیر کے لیے ٹینڈرز جاری کیے، جن کی مجموعی مالیت ایک ارب 32 کروڑ 37 لاکھ روپے تھی۔

یہ بھی پڑھیں: محکمہ صحت خیبرپختونخوا کرپشن اسکینڈل: لاکھوں طبی دستانے اسٹور سے غائب

15 اگست 2022  کو کھولے جانے والے ٹینڈرز اچانک منسوخ کردیے گئے، تاہم منسوخی کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔ بعدازاں 6 ستمبر 2022ء کو دوبارہ ٹینڈرز جاری کیے گئے۔ قانون کے مطابق ٹینڈر جمع کرانے کے لیے کم از کم 15 دن کا وقت دینا لازمی ہے، لیکن اس بار ٹھیکیداروں کو محض چار دن بعد، یعنی 10 ستمبر کو ہی بولیاں جمع کرانے کی مہلت دی گئی۔

آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی آڈٹ رپورٹ کے مطابق ٹینڈرز کی جانچ پڑتال کے دوران سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔ سنگل اسٹیج ٹو اینویلپ طریقہ کار کے تحت تکنیکی کمیٹی کو مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا، جو خیبرپختونخوا پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (کے پی پی آر اے) کے قواعد کی خلاف ورزی ہے۔

آڈٹ رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ تمام ٹھیکیداروں نے عین دوپہر 12 بجے ٹینڈر دستاویزات جمع کرائیں، جس سے ٹھیکیداروں کے درمیان پہلے سے ملی بھگت اور باہمی مشاورت کا شبہ پیدا ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا کا دستانہ اسکینڈل: ایک ارب روپے کی مبینہ کرپشن بے نقاب

محکمہ تعمیرات و مواصلات کے ذرائع کے مطابق ایک ارب 32 کروڑ روپے سے زائد کی ادائیگیوں کے باوجود سڑکوں کی تعمیر کے کام پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ تحقیقات میں یہ پہلو بھی شامل ہے کہ آیا تمام سڑکیں معاہدے میں طے شدہ لمبائی اور معیار کے مطابق تعمیر کی گئیں یا نہیں۔

پہلے ٹینڈرز کی بلاجواز منسوخی، قانونی مدت پوری کیے بغیر دوبارہ ٹینڈرز کا اجرا، تکنیکی کمیٹی کو نظرانداز کرنے اور تمام ٹھیکیداروں کی جانب سے ایک ہی وقت میں بولیاں جمع کرانے سمیت متعدد بے ضابطگیوں پر محکمہ اینٹی کرپشن نے 10 سڑکوں کی تعمیر پر خرچ ہونے والے ایک ارب 32 کروڑ 37 لاکھ روپے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp