وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل مزید سستا کردیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 59 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 346 روپے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے، اس سے قبل پیٹرول کی قیمت 352 روپے 59 پیسے فی لیٹر تھی۔
اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 25 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 378 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے، اس سے قبل ڈیزل کی قیمت 382 روپے 25 پیسے فی لیٹر تھی۔
نئی قیمتوں کا اطلاق 7 نومبر سے 10 نومبر کے لیے ہوگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے 41 پیسے کمی کی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 5 روپے 56 پیسے سستا ہوا تھا۔
اس سے قبل 3 نومبر کو پیٹرول 5 روپے 45 پیسے فی لیٹر سستا ہوا تھا، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 68 پیسے اضافہ کیا گیا تھا۔
مشرق وسطیٰ بحران کے باعث حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کیا جاتا ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔











