بھارت: اپوزیشن رکن پارلیمان پر قاتلانہ حملہ، بی جے پی ذمہ دار قرار، ابھیشیک بینرجی کی عدلیہ اور پولیس پر سخت تنقید

ہفتہ 7 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکتہ میں ترنمول کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ ابھیشیک بینرجی کی رہائش گاہ کے باہر گزشتہ رات شدید کشیدگی دیکھنے میں آئی۔ بینرجی نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی سالگرہ کی تقریب کے دوران ’بی جے پی کے غنڈوں‘ نے ان کی رہائش گاہ پر حملہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق، بینرجی کی کالی گھاٹ میں واقع رہائش گاہ کے باہر رات تقریباً 2 بجے اس وقت نعرے بازی اور ہاتھا پائی شروع ہوئی جب مبینہ طور پر تضحیک آمیز نعرے لگائے گئے۔ ڈائمنڈ ہاربر سے رکنِ پارلیمنٹ ابھیشیک بینرجی کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے غنڈوں نے ان کے حامیوں کو زمین پر پٹخ کر اینٹوں اور پتھروں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔

ابھیشیک بینرجی کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو میں کچھ افراد کو بینرجی کے پوسٹرز اور بینرز پھاڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے ممتا بینرجی پر حملے کی کوشش کا الزام، پولیس نے خاتون کو پکڑ لیا

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں ٹی ایم سی رہنما نے لکھا ’2دن کی مسلسل ریکی کے بعد، آج رات 2 بجے بی جے پی کے غنڈوں نے میرے گھر پر اس طرح حملہ کیا۔ یہ مناظر ویڈیو میں خود دیکھیں۔ اگر ایک منتخب رکنِ پارلیمنٹ کے ساتھ ایسا ہو سکتا ہے، تو مغربی بنگال کے عام آدمی کی حالتِ زار کا اندازہ خود لگائیں۔ گزشتہ 6 ماہ میں یہ میری جان لینے کی ساتویں کوشش ہے، لیکن اس کے باوجود نہ پولیس نے کوئی کارروائی کی اور نہ ہی عدلیہ نے مداخلت کی۔ غنڈے پورے صوبے میں نڈر ہو کر ہنگامہ آرائی کر رہے ہیں کیونکہ عدلیہ نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ خاموش تماشائی بنے رہنے پر مائی لارڈز کا شکریہ!‘

انہیں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کے حامی ریوولور کے ساتھ آئے تھے اور وہ ’طے شدہ منصوبے کے تحت میری جان لینا چاہتے تھے‘۔

ابھیشیک بینرجی نے مزید بتایا ’ہمارے ایک ساتھی تاپش کا انگوٹھا اور اس کے قریب کا حصہ بری طرح کچلا گیا ہے۔ میں نے اسے ٹانکے لگوانے کے لیے اسپتال بھیجا، لیکن ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ صرف ٹانکوں سے کام نہیں چلے گا اور پلاسٹک سرجری کرنا پڑے گی۔ ایک اور کارکن کے آنکھ کے نیچے کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے۔ انہوں نے پولیس کی موجودگی میں پتھر اور اینٹیں برسائیں۔‘

انہوں نے کہا کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ ان پر حملے کی کوشش کی گئی ہو۔ اس سے قبل 19 جون کو بھی جب وہ دہلی سے واپس آ رہے تھے تو سونار پور کے قریب مسلح افراد نے ان کی گاڑی روک کر ان پر جان لیوا حملہ کرنے کی کوشش کی تھی، جنہیں کارکنان نے رنگے ہاتھوں پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا، مگر پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔

ابھیشیک بینرجی نے کولکتہ کی ہائیکورٹ اور بھارتی سپریم کورٹ پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عدالت عالیہ اور اعلیٰ ترین عدالت اس تمام صورت حال میں محض خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔

دوسری جانب، بی جے پی نے ترنمول کانگریس کے ان الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے ایک ’ڈراما‘ قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے جانتی ہوں، عثمان ہادی کو کس نے قتل کروایا؟، ممتا بنر جی کے مودی سرکار سے متعلق سنسی خیز انکشافات

بنگال سے بی جے پی کے رہنما دلیپ گھوش نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا’ ہم پہلی بار دیکھ رہے ہیں کہ کسی رہنما کی سالگرہ سڑک کے فٹ پاتھ پر منائی جا رہی ہے! اگر کوئی آدھی رات کو نائسنس پیدا کرے گا تو احتجاج ہونا فطری بات ہے۔ ابھیشیک بینرجی کو مارنے کا وقت کس کے پاس ہے؟ ان کے پاس اب کوئی سیاسی بیانیہ نہیں بچا، اس لیے جذباتی ڈرامے بازی کر کے لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘

واضح رہے کہ یہ واقعہ اس دعوے کے ایک دن بعد پیش آیا ہے جس میں ابھیشیک بینرجی نے الزام لگایا تھا کہ کچھ نامعلوم افراد پچھلے 2  دنوں سے ان کے دفتر اور رہائش گاہ کی ریکی کر رہے تھے۔ بینرجی کا کہنا تھا کہ جب ان افراد سے پوچھ گچھ کی گئی تو انہوں نے خود کو پولیس اہلکار بتایا۔ انہوں نے ریاست کی پولیس پر جاسوسی کا الزام لگاتے ہوئے پوچھا کہ منتخب رکنِ پارلیمنٹ کی جاسوسی کی اجازت کس نے اور کیوں دی؟

انہوں نے اس معاملے کو لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا، کولکتہ پولیس، وزارتِ داخلہ اور مغربی بنگال پولیس کے سامنے اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

لڑکیوں کو حقیقی زندگی میں ’ابوبکر‘ چاہیے تو بیٹوں کی تربیت بھی ایسی کرنا ہوگی، سعدیہ امام

پی ایل ایل نے ایل این جی خریداری کے لیے بولیاں جمع کرانے کی تاریخ میں 4 روز کی توسیع کر دی

شہزادہ ہیری کی سسرالی فیملی میں نیا تنازع، میگھن مارکل کے والد سنگین الزامات کے تحت گرفتار

پاکستان اور سوڈان کا سیکیورٹی اور سائبر کرائم سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

ایران جوہری پروگرام پر بات چیت کے لیے آمادہ، امریکا سے امن معاہدے کی کوششیں تیز، قشم پر دو میزائل حملے

ویڈیو

اسموگ کے خاتمے کے لیے لاہور میں اینٹی اسموگ گنز کا دائرہ وسیع، لاک ڈاؤن کا کوئی منصوبہ نہیں

ترقی کے سفر میں لیہ کب شامل ہوگا؟ شہری بڑے ترقیاتی منصوبوں کے منتظر

10 روپے کا نوٹ بند ہونے سے شادیوں کی رونق اور محنت کشوں کی آمدن متاثر ہونے کا خدشہ

کالم / تجزیہ

امریکی الیکشن جو ریفرنڈم بن گیا

تحریک انصاف، جے یو آئی اور جماعت اسلامی: ایک سماجی مطالعہ

نئے صوبے کس کی اجارہ داری توڑیں گے؟