نیشنل گیمز کی گولڈ میڈلسٹ 2 خواتین سمیت 5 کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ مثبت نکل آئے

ہفتہ 15 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 رواں برس مئی میں کوئٹہ میں ہونے والے نیشنل گیمز میں شریک 5 گولڈ میڈلسٹ کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آگئے۔

پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی میڈیکل ٹیم نے مجموعی طور پر 20 کھلاڑیوں کے پیشاب کے نمونے حاصل کیے تھے جن کے نتائج پاکستان اسپورٹس بورڈ کو موصول ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق 20 میں سے 5 کھلاڑیوں کی طرف سے نیشنل گیمز کے دوران قوت بخش ادویات کے استعمال کی نشاندہی ہوئی ہے۔ ان میں 4 ایتھلیٹس ایشا عمران، رابعہ عاشق، نعیم اختر، عزیر الرحمان اور ایک ویٹ لفٹر محمد طاہر شامل ہیں۔ ان تمام کھلاڑیوں نے نیشنل گیمزمیں گولڈ میڈل جیتے تھے۔

ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر انکوائری کمیٹی بنائی جائے گی جو ان کھلاڑیوں کو بلاکر ان کا مؤقف معلوم کرنے کے ساتھ ان کو بی سمپل ٹیسٹ کرانے کا آپشن دے گی۔ تمام ضروری کارروائی مکمل ہونے کے بعد ان ایتھلیٹس پر 2 سے 4 سال تک پابندی لگائی جا سکتی ہے۔

ایشا عمران کو 200 میٹر ریس میں حصہ لینے سے روک دیا گیا

ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی 200 میٹر ریس میں پاکستان کی ایشا عمران حصہ نہ لے سکیں۔ ذرائع کے مطابق ایشا عمران کو نیشنل گیمز میں ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایشین ایتھلیٹکس سے روکا گیا ہے۔ ایشا عمران نے نیشنل گیمز میں 100 میٹر دوڑ میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔

ایشا عمران نے نیشنل گیمز کوئٹہ میں 100 میٹر دوڑ میں گولڈ میڈل جیتا تھا

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp