سعودی عرب کے فٹ بال کلب الہلال نے فرانس کے مشہور فٹ بالر اور فٹ بال کلب پیرس سینٹ جرمین کے نوجوان اسٹرائیکر کلیان مباپے کے لیے 30 کروڑ یورو (33 کروڑ 30 لاکھ ڈالر) کے ریکارڈ معاہدے کی پیش کش کی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین کو سعودی کلب الہلال کی جانب سے کلیان مباپے کے لیے ریکارڈ بولی وصول ہوئی ہے۔ ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کے بارے میں خیال ظاہر کیا جا رہا ہے وہ دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک مباپے کی حصول کے لیے کوشش کر رہا ہے اور اسی طرح سعودی کلب بھی دیگر کلبوں کی اس فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔
سعودی کلب الہلال نے ایک خط کے ذریعے ایمباپے کو باقاعدہ پیش کش کر دی ہے لیکن اس طرح کی منتقلی صرف ایمباپے کے ساتھ معاہدے کی صورت میں ہو سکتی ہے تاہم اب تک انہوں نے سعودی لیگ کے کلب جانے کی خواہش کا اظہار نہیں کیا ہے۔
فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین نے الہلال کو مباپے سے بات کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ الہلال کی ملکیت سعودی عرب کی کمپنی عربیہ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) کے پاس ہے جو پہلے ہی چیلسی کے ڈیفنڈر کالیدو کولیبالی اور وولز سے روبین نیویز سے معاہدے پر دستخط کر چکا ہے۔
کلیان مباپے کا سینٹ جرمین کلب کے ساتھ معاہدے کا ایک سال باقی ہے جو معاہدے میں توسیع کے بجائے دوسرے کلب جانے کے خواہش مند ہیں۔ ایمباپے نئے معاہدے پر دستخط سے متعلق خبروں کی تردید کر رہے ہیں لیکن قیاس ہے کہ وہ اگلے سال ریال میڈرڈ جانے کے لیے معاہدے پر دستخط کرچکے ہیں۔
13 مرتبہ کی یورپی چمپیئن ریال میڈرڈ نے گزشتہ برس بھی مباپے کے حصول کے لیے کوششیں کی تھیں تاہم اس کے بعد فٹ بالر نے نیمار اور لیونل میسی کے ہمراہ پی ایس جی میں رکنے کا فیصلہ کیا تھا۔
سینٹ جرمین کلب اور مباپے کے درمیان اختلافات حالیہ دنوں میں اس وقت سامنے آئے تھے جب انہیں جاپان اور جنوبی کوریا کے دورے کے لیے ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا۔ ایمباپے پی ایس جی کے لیے سب سے زیادہ گول کرنے والے فٹ بالر ہیں جنہوں نے 260 میچوں میں 212 گول کیے ہیں اور نیمار کے بعد کلب کی تاریخ کے دوسرے مہنگے ترین کھلاڑی ہیں۔
کلیان مباپے نے اگست 2017 میں کم عمری میں سینٹ جرمین کلب میں شمولیت کی تھی۔ بعد ازاں یہ منتقلی 18 کروڑ یورو کے مستقل معاہدے کی صورت میں تبدیل ہوگئی تھی۔ یاد رہے کہ برازیل کے مشہور فٹ بالر نیمار نے 2017 میں پی ایس جی سے 22 کروڑ 20 لاکھ یورو کا مہنگا ترین معاہدہ کیا تھا۔