توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک بار پھر سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ ٹرائل رکوانے کے لیے اپیل دائر کر دی، فوری سماعت کے لیے متفرق درخواست میں کیس یکم اگست کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کو کاروائی سے نہیں روکا، حکم امتناع نہ دینے سے ٹرائل کورٹ میں سماعت مکمل ہو جائے گی، ٹرائل مکمل ہونے کے بعد ہائیکورٹ میں اپیلیں غیر مؤثر ہو جائیں گی۔
مزید پڑھیں
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ کو حکم امتناع منظور یا مسترد کا آرڈر کرنا چاہیے تھا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کیخلاف اپیل سماعت کے لیے منظور کی جائے اور ٹرائل کورٹ کو کارروائی آگے بڑھانے سے روکا جائے۔
ادھر سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف چئیرمین پی ٹی آئی کی آج دائر ہونے والی درخواست پر 877/2023 نمبر الاٹ کر دیا ہے۔