وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہاکہ مٹی سے ترقی کا سفر شروع کرنے جا رہے ہیں اسکے لیے ہم نے نئی حکمت عملی تیار کی ہے جس کے لیے 3 کام کرنے کی ضرورت ہے، سب سے پہلے معدنیات کے لیے کھدائی، اس کے بعد معدنیات کے اندر سے دھاتوں کو نکالنا اور تیسرے نمبر پر معدنیات سے متعلق انڈسٹریزکو فروغ دینا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مصدق ملک نے کہا کہ اس نئی حکمت عملی سے معدنیات میں انقلاب پیدا ہوگا جس کا سب سے زیادہ فائدہ مزدور طبقے کو ہوگا، انکو روزگار کے مواقع ملیں گے، خاص طور پر بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے لوگوں کو نوکریاں ملیں گی۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کے نوجوانو تم لوگ مایوس نہ ہو کیونکہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے۔ پاکستان ان ممالک میں شمار ہوتا ہے جہاں بے پناہ قدرتی ذخائر موجود ہیں، پاکستان میں موجود صرف معدنی مٹی کی قیمت 6 کھرب ڈالر ہے۔
مزید پڑھیں
مصدق ملک نے کہا کہ ہم نے اگر ترقی کرنی ہے تو ہم مٹی نہیں بیچیں گے ہم ترقی بیچیں گے، لوگوں کو روزگار کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، معدنیات کے انقلاب کے تین مقاصد ہیں، پہلا مقصد غریب کے لیے نوکری ہے، دوسرا مقصد خام معدنیات سے دھاتوں کے نکالنا ہے اور تیسرا تمام خام مال کو ایکسپورٹ کرنا ہے۔
مصدق ملک نے مزید بتایا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں معدنیات سے متعلق انڈسٹریز لگائی جائے گی، مائننگ سےغریب عوام کو فائدہ ہوگا، گوادر میں بھی انڈسٹریل زون بنائے جائیں گے۔
انکا کہنا تھاکہ ہم مٹی سے ترقی بیچیں گے، یہ مٹی سے ترقی کا سفر ہے، جبکہ سونا اور تانبا ملک کی تقدیر بدلے دے گا، غریب کو نوکری دینے سے ہی ترقی ہوگی۔
سرمایہ کاروں کو پاکستان آنے کی دعوت دیں گے جو لوگ پاکستان کے ترقی کے سفر میں شریک ہونا چاہتے ہیں انکو خود ایئرپورٹ پر جا کر رسیو کریں گے، نوکر شاہی کو ختم کرنا ہوگا، عام آدمی اور نوکر شاہی میں فرق ختم کرنا ہوگا۔
پاکستان کے ہر صوبے اور ڈویژن میں الگ قانون ہیں انکو ختم کریں گے اور ایک مکمل پیکج بنائیں گے جس کے تحت سرمایہ کاری کے لیے آنے والے فرد کو ادھر ادھر نہیں جانا پڑے گا، چند شرائط پوری کرنی ہوں گی اور اسکے بعد حکومت خود سب کچھ فراہم کرے گی۔