ویمنز فٹبال ورلڈ کپ 2023 میں اب تک شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والی مراکش کی ٹیم فرانس سے شکست کھاکر کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل نہ کرسکی جب کہ کولمبیا نے جمیکا کو ہراکر اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
کولمبیا کی خواتین ٹیم نے فیفا ویمنز ورلڈ کپ 2023 کے اہم میچ میں جمیکا کو سخت مقابلے کے بعد 0-1گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل راؤنڈ تک رسائی حاصل کرلی۔ 33 سالہ ماریا کاتالینا اسمے پینیڈا نے واحد گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
منگل کو میلبورن ریکٹ اینگل اسٹیڈیم، میلبورن میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل میچ میں کولمبیا اور جمیکا کی خواتین ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کے پہلے ہاف پر مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
دوسرے ہاف میں کولمبین ویمن ٹیم کی 33 سالہ ماریا کاتالینا اسمے پینیڈا نے میچ کے 51 ویں منٹ میں ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو جمیکن ویمن ٹیم کے خلاف 0-1 گول کی برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
جمیکا کی ٹیم نے گول کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ اس میں کامیاب نہ ہوسکی۔ اس فتح کے ساتھ ہی کولمبین ویمن ٹیم نے میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ کوارٹر فائنل رائونڈ میں کولمبیا کی مقابلہ انگلینڈ کی خواتین ٹیم سے ہوگا۔
پری کوارٹر فائنل مرحلے کے ایک اور میچ میں فٹبال ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ کھیلنے والی مراکش کی ٹیم جس نے اب تک اچھی پرفارمنس دی تھی فرانس سے نہ جیت پائی اور وہ مقابلہ صفر کے مقابلے میں 4 گول سے ہارگئی۔
اس طرح مراکش کی ٹیم کا ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے کا خواب پورا نہ ہوسکا۔ میچ ہارنے کے بعد مراکش کی کھلاڑی خاصی غمزدہ دکھائی دیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کرنے اور اس میں جیت کر آگے کا سفر کرنے کے لحاظ سے اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔
واضح رہے کہ مراکش کی فٹبال ٹیم کی ڈیفینڈر نوہیلہ بینزینا وہ پہلی خاتون فٹبالر ہیں جنہیں ورلڈ کپ میں باپردہ رہتے ہوئے کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے۔
فرانس عالمی رینکنگ کے اعتبار سے 5 ویں نمبر پر ہے جب کہ مراکش کی رینکنگ 72 ہے۔ مراکش نے جنوبی کوریا اور کولمبیا کو ہرانے کے بعد پری کوارٹر مرحلے میں فائنل میں جگہ بنائی تھی۔