کراچی میں منعقدہ پہلی بین الاقوامی فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش میں این ایل سی کی شرکت، شرکاء کی جانب سے بھرپور پذیرائی کی گئی۔ جب کہ تاجر برادری کا این ایل سی کی خدمات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
نیشنل لاجسٹک سیل (این ایل سی) کی جانب سے کراچی میں منعقدہ تین روزہ پہلی بین الاقوامی فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش اسٹال لگایا گیا۔ این ایل سی اسٹال پر ملکی اور غیر ملکی مندوبین کے لیے ادارے کی خدمات کی عکاسی کی گئی تھی۔
اس نمائش میں تقریباً 55 ممالک سے 250 نمائش کنندگان شریک ہوئے۔ این ایل سی حکام نے وفود اور شرکاء کو ادارے کی نقل و حمل کی استطاعت اور کارکردگی کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔
ڈی جی این ایل سی میجر جنرل فرخ شہزاد راؤ نے قومی اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں کےساتھ ملاقاتیں بھی کی ہیں۔
واضح رہے کہ این ایل سی گزشتہ چار دہائیوں سے مال برداری کے قابل قدر خدمات سر انجام دے رہا ہے۔این ایل سی بذریعہ سڑک، ریل، سمندری اور ہوائی راستوں سے دنیا میں کسی بھی مقام تک کارگو پہنچانے کی اہلیت کا حامل ہے۔
این ایل سی نے مختلف وسطی ایشیائی ریاستوں، ترکیہ اور چین تک بذریعہ سڑک سامان پہنچانے کی صلاحیت حاصل کر لی ہے۔ ان ممالک تک سامان کی ترسیل بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ اور دو طرفہ تجارتی معاہدوں کے تحت کی جا رہی ہے۔
این ایل سی نے درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان کو مصنوعات کے لیے نئی منڈیوں تک رسائی دی ہے۔ علاقائی رابطے کے اقدامات سے خشکی میں گھرے وسطی ایشیائی ممالک کے لیے پاکستانی بندرگاہوں تک مختصر ترین راستہ میسر آیا ہے۔
این ایل سی تازہ پھلوں اور خراب ہونے والی کارگو کی نقل و حمل کر سکتا ہے ،این ایل سی کے پاس پاکستان کے اندر گودام اور کولڈ اسٹوریج کی سہولیات موجود ہے۔
این ایل سی خریداروں اور فروخت کنندگان کے درمیان رابطے کی اہم کڑی ہے۔ پاکستان کی زرعی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لئے این ایل سی پر عزم ہے۔