ایپل کمپنی نے سافٹ ویئر بَگ اور انسٹاگرام اور اوبر جیسی ایپس سے جڑے دیگر مسائل کو آئی فون 15 کے گرم ہونے کی وجہ قرار دیا ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس امریکا کے مطابق ایپل نے حال ہی میں لانچ کیے گئے آئی فون 15 کے گرم ہونے کی شکایت پر ردِ عمل میں کہا ہے کہ وال سٹریٹ جرنل میں شائع ہوئی رپورٹ کے بعد فون کے گرم ہونے کا جائزہ لیکر کر وجوہات تلاش کی گئی ہیں۔
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے علاقے کپرٹینو میں قائم ایپل کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ’آئی او ایس 17‘ سسٹم کی اپ ڈیٹ پر کام کر رہی ہے جو آئی فون 15 لائن اپ کو چلاتا ہے تاکہ ڈیوائسز کو گرم ہونے سے روکا جا سکے۔ کمپنی ان ایپس کے ساتھ بھی کام کر رہی ہے جن سے فون گرم ہو رہا ہے۔
انسٹاگرام نے بھی گزشتہ ہفتے ایپ میں کچھ تکنیکی تبدیلی کی تاکہ اسے آئی فون آپریٹنگ سسٹم پر ڈیوائس کو گرم کرنے سے روکا جا سکے۔ ایپل نے کہا کہ اوبر اور دیگر ایپس جیسے کہ ویڈیو گیم اسفالٹ 9 اب بھی اپنی اپڈیٹس کو رول آؤٹ کرنے کے عمل میں ہیں۔
مزید پڑھیں
ایپل کمپنی نے کسی مدت کا تعین نہیں کیا کہ فون کا سافٹ ویئر فکس کب جاری کیا جائے گا تاہم کہا کہ اپڈیٹ آنے تک آئی فون 15 کے صارفین ڈیوائس استعمال کر سکتے ہیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اپیل کمپنی نے کہا ہے کہ آئی فون 15 گرم ہونے کا تعلق ٹائٹینیم کیسنگ سے نہیں ہے۔ خیال رہے کہ آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس میں پرانے سمارٹ فونز میں استعمال ہونے والے سٹینلیس سٹیل کے بجائے ٹائٹینیم استعمال کیا گیا ہے۔