کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں گزشتہ ماہ قتل ہونے والے عالم دین اور جامعہ ابوبکر اسلامیہ کے مہتمم مولانا ضیاء الرحمان کے قتل میں ملوث 4 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق مولانا ضیاء الرحمان کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ملزمان میں زبیر، یاسین، حق نواز گوپانگ اور عمیر شامل ہیں جبکہ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزمان سے برآمد ہونے والا اسلحہ بھی واردات سے ملنے والے خولوں سے میچ کرگیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے مولانا ضیاء الرحمان کو موبائل فون چھینے کے دوران مزاحمت پر قتل کیا۔ مقتول نے واردات کے دوران ایک ملزم کو پکڑلیا تھا جس پر ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی تھی۔ انہیں زخمی حالت میں اسپتال لے جایا گیا تھا لیکن وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرمنلز ہیں جبکہ ان کی گرفتاری پریس کانفرس میں ظاہر کی جائے گی۔ اہل حدیث عالم دین مولانا ضیاء الرحمان 12 ستمبر کو گلستان جوہر میں فائرنگ سے جاں بحق ہوئے تھے۔