سپریم کورٹ: پی بی 9 کوہلو میں 4 پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ کا فیصلہ معطل

بدھ 12 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ نے بلوچستان کے حلقہ پی بی 9 کوہلو کے 4 پولنگ اسٹیشنز پر 27 اگست کو ہونے والی ری پولنگ کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار میر چنگیز خان مری کی رکنیت بحال کردی۔

جسٹس نعیم اختر افغان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت اگست کے آخری ہفتے تک ملتوی کردی۔

الیکشن کمیشن نے بلوچستان کے انتخابی ٹریبونل کے فیصلے کی روشنی میں پی بی 9 کوہلو کے 4 پولنگ اسٹیشنز پر 27 اگست کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم دیا تھا۔

مسلم لیگ (ن) کے امیدوار میر چنگیز خان مری نے الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

پی بی 9 کوہلو کا جھگڑا کیا ہے؟

پی بی 9 کوہلو سے 2024 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے میر چنگیز خان مری کامیاب قرار پائے تھے۔ انہیں 7 ہزار 544 ووٹ ملے تھے جبکہ ان کے مدِمقابل میر نصیب اللہ خان نے 6 ہزار 277 ووٹ حاصل کیے تھے۔

بعد ازاں میر نصیب اللہ خان کی جانب سے انتخابی نتائج کے خلاف دائر درخواست پر بلوچستان کے الیکشن ٹریبونل نے جولائی 2026 میں میر چنگیز خان مری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے 4 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم دیا تھا۔

الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کی تعمیل میں الیکشن کمیشن نے میر چنگیز خان مری کو ڈی نوٹیفائی کرتے ہوئے 27 اگست کو 4 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا شیڈول جاری کیا تھا۔

اب سپریم کورٹ نے ابتدائی سماعت کے بعد ری پولنگ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے میر چنگیز خان مری کی رکنیت بحال کردی ہے، جبکہ کیس کی مزید سماعت اگست کے آخری ہفتے میں ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp