وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان کی پہلی قومی یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے تقریب میں دانش اسکول کے پوزیشن ہولڈرز میں ایوارڈز تقسیم کیے اور ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے محمد قاسم کی خصوصی پذیرائی کی۔ محمد قاسم کے والد گنے کے رس کی ریڑھی لگاتے ہیں۔ وزیراعظم نے محمد قاسم سے ملاقات کرکے اس کی حوصلہ افزائی کی، جبکہ رانا مشہود نے بھی طالبعلم کو خراج تحسین پیش کیا۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کا ایرانی قیادت کے نام خصوصی پیغام، محسن نقوی نے پہنچا دیا
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ غریب کے بچے کو اعلیٰ تعلیم سے محروم نہیں رہنا چاہیے، اسی سوچ کے تحت ایچی سن کے معیار کے مقابلے میں دانش اسکول قائم کیے گئے۔ دانش اسکول کا معیار کسی صورت ایچی سن سے کم نہیں۔
انہوں نے کہا کہ دانش اسکول کا منصوبہ اب صرف پنجاب تک محدود نہیں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی دانش اسکول قائم کیے جا رہے ہیں، جبکہ بلوچستان میں بھی یہ ادارے قائم کیے جائیں گے۔ اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی میں اگلے سال کلاسز شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کی تعلیم کے لیے نوجوانوں کو بیرون ملک بھیجا جائے گا اور تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی، جبکہ انتخاب صرف میرٹ پر ہوگا۔ اے آئی پروگرام میں 35 فیصد مواقع خواتین کے لیے مختص کیے جائیں گے، جبکہ ایک ہزار طلبا و طالبات کو اسکالرشپ پر چین بھیجا جائے گا۔
لیپ ٹاپ اسکیم کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو لیپ ٹاپ مکمل میرٹ پر دیے گئے اور سیاسی وابستگی کو کسی مرحلے پر مدنظر نہیں رکھا گیا۔ انہوں نے سفارش پر لیپ ٹاپ دیے جانے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے اسے ’سفید جھوٹ‘ قرار دیا اور کہا کہ اگر ایک بھی لیپ ٹاپ سفارش پر دیا گیا ہو تو وہ اس کے ذمہ دار ہوں گے۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کا کولمبیا میں زلزلے سے جانی نقصان پر اظہارِ افسوس
وزیراعظم نے تقریب میں معروف پاکستانی آئی ٹی ماہر ارفع کریم کا بھی خصوصی ذکر کیا اور نوجوانوں کو ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔
تقریب میں وفاقی وزرا احسن اقبال، عطا تارڑ، اویس لغاری، عون چوہدری، وجیہہ اکرم، رانا مشہود سمیت دیگر شخصیات، غیر ملکی سفیروں، ارکان پارلیمنٹ اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے رانا مشہود کو دلچسپ انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ مشہود بھی ہیں، مشہور بھی ہیں اور مشروط بھی ہیں۔‘













